• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

قاتل مودی سری نگر میں گھس کردکھائے، اپنی حیثیت جان لے گا، بلاول بھٹو

اسکردو (ایجنسیاں)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے ملکی معیشت ‘ خارجہ پالیسی کو تباہ اور دنیابھرمیں پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کردیا ‘بھارتی جارحیت کے خلاف کوئی ہمارا ساتھ دینے کو تیار نہیں‘پورے پاکستان کو پیغام دیتا ہوں کہ بھٹو کا نواسہ موجود ہے۔

بلاول بھٹو کا اسکردو میں جلسہ عام سے خطاب


کشمیر پر کوئی سودابازی کی تو تمہارا وہ حشر ہو گا کہ دنیا یاد رکھے گی، سلیکٹڈ حکمرانو ! ہوش کے ناخن لو ورنہ عوام کے کڑے احتساب کےلئے تیار رہو‘ عمران خان اور ان کی کابینہ اس وقت سے ڈریں جب ظلم کرنے والوں کو اس کاحساب دینا ہوگا‘ گجرات کے قصائی سے پوچھتا ہوں کہ مودی اگر تم نےکشمیریوں کو حقوق دینے ہیں تو کرفیو اٹھاکر دکھاؤ‘نریندرمودی !تم رہبرنہیں راہزن ہو ‘ تم پیلٹ گنزکے ذریعے کشمیریوں کی آنکھیں چھین سکتے ہو مگر ان کے خواب نہیں‘قاتل مودی باقی سب چھوڑے صرف سری نگر میں گھس کردکھائے اپنی حیثیت جان جائے گا۔ تم بوٹوں کی دھمک سے آزادی کے جذبے کو ختم نہیں کر سکتے،تاریخ مودی کو قاتل کے طور پر یاد رکھے گی ۔ وہ جمعرات کو اسکردو میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔بلاول کا کہناتھا کہ وعدے کرنے آسان لیکن ان پر عمل کرنا مشکل ہوتا ہے‘ عمران خان نے قرض نہ لینے اور بیروزگاری ختم کرنے کا وعدہ کیاتھا لیکن عمران خان نے ایک سال میں ہمارے پانچ سال سے زیادہ قرض لیا اور نوکریاں دینے کی بجائے روزگار چھین لیاہے‘عمران خان کہتے تھے کہ میں اقتدارمیں آیا تو بیرون ملک پاکستانی ڈالر ز کی بارش کردیں گے لیکن ڈالر ایسا غائب ہوا کہ جو ڈالر پچھلے سال سوروپے کاتھا اب 170 سے زیادہ کاہوچکا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ احتساب کروںگا، انصاف کروں گا لیکن یہ کیسا احتساب ہے کہ ساری اپوزیشن جیل میں ہے جبکہ عمران خان کے کرپٹ ترین ایرینا میں ان کے نہ کوئی جے آئی ٹی اور نہ کوئی نیب ہے‘ یہ تو سیاسی انتقام ہے‘ہم عورتوں کی عزت کرتے ہیں، مگر نیا پاکستان میں بزدل اور سلیکٹڈ عورتوں سے ٹکراتا ہے‘خان صاحب نے کون سی کرپشن ختم کی ہے، کون سا وعدہ پورا کیا‘یہ نیب گردی اور سیاسی فیصلوں کا انجام ہے۔

تازہ ترین