• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس، 3 سال سے تعینات افسروں کے ٹرانسفر کا فیصلہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے 3سال سے ایک ہی پوزیشن پر کام کرنے والے افسران کے تبادلے کا فیصلہ کیا ہے ،یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ نے جمعرات کو وزیراعلیٰ ہائوس میں مختلف محکموں کی کارکردگی کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلی نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ تمام افسران کو ضروری ہدایات جاری کریں کہ وہ دو دن کے اندر فائلیں نمٹادیں،اجلاس میں چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، صوبائی مشیر برائے قانون مرتضیٰ وہاب ، ایڈووکیٹ جنرل سندھ سلمان ،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو،سیکریٹری سروسز نوید شیخ، سیکریٹری خزانہ نجم شاہ و دیگر نے شرکت کی،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور گڈ گورننس کے قیام کے حوالے سے کہاکہ وہ تمام افسران جو کہ گذشتہ تین سالوں سے ایک ہی پوزیشن پر کام کررہے ہیں اُن کا تبادلہ کردیاجائے۔۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سرکاری محکموں میں متعدد افسران ایک ہی پوسٹ پر گذشتہ 3 سالوں سے براجمان ہیں۔انہوں نے چیف سیکریٹری ممتاز شاہ سے کہا کہ یہ بہتر گورننس کے لیے اچھا نہیں ہے لہٰذا اُن کا لازمی طورپر تبادلہ ہونا چاہیے اور انہیں دیگر محکموں میں تعینات کیاجائے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ محکموں کو چاہیے کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے اچھے طریقے سے کام کریں لہٰذا رولز آف بزنس کے تحت آفیشلز اور افسران کا 3 سال کے اندر لازمی تبادلہ /تعیناتی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں موثر اور شفاف نظام کی ضرورت ہے اور اہم پوزیشنز سے غیر موثر اور ناکارہ کو سائڈ لائن یا ہٹانا چاہیے ۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ تمام افسران کو ضروری ہدایات جاری کریں کہ وہ دو دن کے اندر فائلیں نمٹادیں ۔ انہوں نے کہاکہ افسران کو چاہیے کہ وہ سرکاری قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلے کریں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ نوٹس کیا ہے کہ افسران فائلوں کو بغیر کسی وجوہات کےاپنے پاس رکھ لیتے ہیں ۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ وہ محکمے جوکہ براہ راست پبلک کے ساتھ ڈیلنگ کرتے ہیں مثلاً لوکل گورنمنٹ ،تعلیم،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، صحت ، داخلہ اور ریونیو کو مزید موثر اورکارگر بنائیں۔

تازہ ترین