• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف امت مسلمہ کردار ادا کرے، مصباح المالک لقمانوی

برمنگھم(پ ر) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے انسانیت سوز مظالم بندکرانا اقوام متحدہ، مسلم ممالک کے حکمرانوں اور دنیا بھر کے انسانیت اور جمہوریت پسند عوام کے لئے بڑا چیلنج ہے کہ مودی کے ظالمانہ اور جبری ہتھکنڈوں اور غیر قانونی حربوں کو روکیں کشمیری اپنا وہ حق مانگ رہے ہیں جس کیلئے عالمی برادری اور بھارت نے معاہدے اور وعدے کر رکھے ہیں، گزشتہ دو ہفتوں سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو، مواصلاتی نظام درہم برہم ہے خوراک اور ادویات کی قلت کے نتیجے میں حالات انتہائی سنگین صورت حال اختیار کر گے ہیں، مودی کی ظالمانہ اور غیر قانونی پالیسیوں کے خلاف بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں، امت مسلمہ کو اس موقع پر اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہئے۔ اس تشویش کا اظہار جماعت اہلسنت یوکے کے ناظم اعلیٰ شیخ محمد مصباح المالک لقمانوی نے تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، پاکستان رابطہ کونسل کے جنرل سیکرٹری حافظ محمد ادریس کے ساتھ ایک ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا مودی حکومت کے دور حکومت میں بھارت میں تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں، مسلمانوں پر ظلم اور ستم روز بروز بڑھتا جارہا ہے۔ مودی انڈیا کو ہندو اسٹیٹ بنانا چاہتاہے، انتہا پسند ہندوئوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے کہ مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے مظلوم عوام کو دہشت گردی کا نشانہ بنائیں مودی حکومت ان کی پشت پناہی کر رہی ہے اسلامی کانفرنس اور مسلم ممالک کے حکمرانوں کو اس کے خلاف آواز بلند کرنی چاہئے، بھارت کے ناپاک عزائم کو روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں، ان حالات میں مظلوم اور محکوم کشمیری مسلمانوں کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔ محمد غالب نے کہا کہ مودی کا ایجنڈا انتہائی خطرناک ہے، مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو ختم کرنے کے لئے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لئے غیر قانونی، غیر انسانی اور غیر جمہوری حربے استعمال کئےجارہےہیں۔ قوانیں میں تبدیلی کی گئی تاکہ رائے شماری میں نتائج اپنے حق میں بدل سکے۔حافظ محمد ادریس نے کہا برطانیہ اور یورپ کے آزاد اور جمہوری ملکوں میں آباد انڈین مسلم کمیونٹی کو مودی کے مظالم کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے۔
تازہ ترین