• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی مسئلہ کشمیر ہر فورم پر اجاگرکرے، سردار شجاع عالم

ڈبلن آئرلینڈ (فرخ وسیم بٹ) پاکستان ویلفیئر اینڈ کلچرل ایسوسی ایشن آئرلینڈ کے زیراہتمام ڈبلن میں یوم آزادی اور عید ملن پارٹی کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں سیاسی، سماجی، مذہبی تنظیمات کے قائدین و کارکنان سمیت ڈاکٹرز،بزنس مین، وکلاء،اسٹوڈنٹس اور پاکستانی کمیونٹی کی فیملیز نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے دانیال خان نے کیا۔ نعت رسول مقبولﷺ ماہم قریشی نےپیش کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان سردار شجاع عالم تھے جبکہ نقابت کے فرائض ڈاکٹر سہیل رسول نے ادا کیے پاکستان ویلفیئر اینڈ کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر شاہین احمد نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھا گیا تمام خواتین وحضرات اور بچوں نے پاکستانی جھنڈے ہاتھوں میں اٹھا کر ہوا میں لہراتے رہے اور کھڑے ہو کر قومی پرچم کو خراج تحسین پیش کیا، مقررین نے یوم آزادی کے موضوع پر خطابات کئے اور مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا، سفیر پاکستان سردار شجاع عالم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں آ کر بڑی خوشی ہوئی ہے آپ نے جس جوش و جذبے سے اور اتنی کثیر تعداد میں خواتین و حضرات اور بچوں کا یہاں انا اور بالخصوص آپ سب نے کشمیریوں کے ساتھ جو اظہار یکجہتی کیا اس پر میں آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں میں نے پچھلے چند ماہ میں بغور مشاہدہ بھی کیا کہ ہماری کمیونٹی یہاں تقریبا تمام شعبہ جات میں کافی متحرک ہے کشمیر کے حوالے سے میری آپ سے درخواست ہے کہ آپ اپنے علاقہ میں جتنے بھی آپ کے سیاسی سماجی قائدین ہیں ان کے سامنے کشمیر ایشو کو اجاگر کریں کہ بھارت کس ظلم و بربریت سے کشمیر کے مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے اس سلسلے میں پاکستانی سفارتخانہ بھی سفارتی سطح پر تمام ذرائع بروئے کار لارہا ہے جس سے یہاں کی جتنی بھی انسانی حقوق کی تنظیمات ہیں یہاں کے ممبر آف پارلیمنٹ ہور یورپین یونین کے ممبران تک کشمیر ایشو کو اجاگر کر رہا ہے اس سلسلے میں میں نے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے ۔ اس سال گریجویشن میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والے طلباوطلبات میں اعزازی انعامات بھی دئیے گئے اس کے علاوہ قراندازی کے ذریعے دیگر کئی انعامات حاضرین کو دئیے گئے۔ دانیال بٹ نے اپنی مزاحیہ نظم "کدی نا پیکے جائیں نی بیگم " سنا کر حاضرین کو بہت محظوظ کیا حاضرین نظم کے اشعار سن کر قہقہوں سے لوٹ پوٹ ہوتے رہے۔ تقریب میں میوزک کا تڑکا بھی لگایا گیا ،ڈھول کی تھاپ اور آئرلینڈ کے معروف سنگر عمر بٹ نے اپنی خوبصورت آواز میں ملی نغمے اور گیت سنائے جس سے حاضرین بےساختہ رقص پر مجبور ہوگئے اور خوب دھمال بھی ڈالی آخر میں سفیر پاکستان سردار شجاع عالم نے جشن آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا، اس تقریب کے چیف آرگنائزر شاہین احمد نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ بھی ادا کیا وطن عزیز پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اور کشمیر کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔تقریب کے انتظامات پروگرام کے چیف آرگنائزر سید مظفر شاہ، منیر احمد،ڈاکٹر ہارون خان، طلال طارق،بلال صدیقی، محمد اشفاق، مجاہد مانوں، عدنان، مسز رامین خالد، مسز ماہم قریشی اور صدر شاہین احمدکی طرف سے کئے گئے تھے۔

تازہ ترین