• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امت مسلمہ کی خاموشی سے بھارت کو تقویت مل رہی ہے، مقررین

برمنگھم (ابرارمغل) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور آرٹیکل 370کی منسوخی کے بعد کشمیریوں کی وسیع پیمانے پر نسل کشی پر امت مسلمہ کی خاموشی بھارتی مذموم عزائم کو تقویت دے رہی ہے۔ بھارت نے کرفیو کی آر میں ایک کروڑ کشمیریوں کو گزشتہ کئی دن سے اپنے ہی گھروں میں قید کررکھا ہے۔ عالمی برادری کے دبائو کے باوجود بھی کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ امن پسند طاقتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو آگے بڑھ کر بھارتی مظالم کو روکنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے لیبرپارٹی رہنما، سیاسی و کاروباری شخصیت چوہدری محمد حنیف کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آزاد کشمیر مسلم لیگ ن کے رہنما و اوورسیز کوآرڈینیٹر ٹو وزیر حکومت چوہدری محمد شکیل کی نظامت میں منعقدہ اس تقریب سے کونسلر محمد اخلاق، چوہدری اسلم وسن، چوہدری نورحسین، چوہدری ریاض سورکھوی، چوہدری وحید اختر، محمد جاوید غالب، بیرسٹر محمد نذیر سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ چوہدری محمد شکیل نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم کو چھپانے کیلئے LOCپر شرپسندی پھیلا رہا ہے۔بھارت نے آرٹیکل370اور35Aمنسوخ کرکے ثابت کردیا ہے کہ بھارت ایک ہندو دہشت گرد ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے عالمی برادری خاموش تماشائی بن چکی ہے۔ چوہدری اسلم وسن، چوہدری نورحسین اور دیگر نے بڑھتے بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے تمام تر مظالم اور بربریت کے باوجود بھی کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ بھارت نے کشمیر کو فلسطین بنادیا ہے لیکن برصغیر کا فلسطین بھارت کی تقسیم کی بنیاد ہے۔ چوہدری محمد حنیف نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیں ملکر اپنی جدوجہد تیز کرنی ہوگی۔ سیاسی و گروہی تقسیم سے بالاتر ہوکر کشمیریوں کی مدد کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔
تازہ ترین