• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا پاکستان کرکٹ میدانوں کی رونق لوٹانے کو تیار، ٹیم بھیجنے کا اعلان سیریز کا شیڈول جاری

   کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ سری لنکا نے پاکستانی کرکٹ میدانوں کی لوٹانے کا فیصلہ کرلیا۔ آئی لینڈرز نے ملکی ٹیم کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے پاکستان بھیجنے کا اعلان کرکے پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔ جنگ کے سینئر رپورٹر عبدالماجد بھٹی نے اس متعلق خبر جمعے کو بریک کردی تھی۔ کراچی ون ڈے اور لاہور ٹی ٹوئنٹی میچوں کا میزبان ہوگا۔ طویل عرصے بعد کسی بڑی ٹیم کی آمد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے پی سی بی کی کو ششوں کو اہم کامیابی ملے گی۔ پی سی بی اور سری لنکن بورڈ نے شیڈول کو حتمی شکل دے دی۔ شیڈول کے مطابق 3 ایک روزہ میچز 27، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کراچی میں ہوں گے جبکہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز 5، 7اور 9 اکتوبر کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ ٹیسٹ سیریز رواں برس دسمبر میں متوقع ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بین الاقوامی کرکٹ کی مکمل بحالی کے لئے پاکستان کی بھر پورحمایت کی ہے۔ ان کی ٹیم کی آمد سے پاکستانی شائقین کرکٹ کا نامور کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے طویل انتظار کا خاتمہ ہوگا اور ہمارے ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ہم صدر سری لنکا کرکٹ شمی سلوا، بورڈ اور کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہماری درخواست پر مثبت رد عمل کا اظہار کیا۔ ہم یقین دلاتے ہیں کہ کھلاڑیوں کی بہتر انداز میں دیکھ بھال کی جائے گی، انہیں ہائی پروفائل سیکیورٹی فراہم کریں گے۔ حالیہ چند سالوں میں ویسٹ انڈیزکی مردوں، خواتین ٹیموں اور پی ایس ایل میچوں کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کے بارے میں دنیا کو مثبت پیغام ملا ہے، یہ پاکستان کے اس دعوے کا ثبوت ہیں کہ ہمارا ملک کرکٹ کیلئے محفوظ ہے۔ دوسری جانب سری لنکن کر کٹ بورڈ کے صدر شمی سلوا نے کہا ہے کہ پی سی بی اور سری لنکا کے درمیان کرکٹ تعلقات اور دوستی کی ایک طویل تاریخ ہے۔ اس فیصلے سے ہی اس تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ سری لنکن بورڈ کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ کے سیکیورٹی ماہرین نے رواں ماہ کے شروع میں دونوں شہروں کا دورہ کیا تھا اور ایک مثبت رپورٹ دی تھی جس کی وجہ سے فیصلہ سازی کا ہمارا کام آسان بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے جسے بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ اگر اس بارے میں کوئی شکوک و شبہات ہوتے تو ہم اس انداز سے آگے نہیں بڑھتے، دورہ سے کھلاڑیوں کے اعتمادمیں بہتری آئے گی ۔

تازہ ترین