کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کی تشکیل میں کمیٹی کو نظر انداز کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ جمعے کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں ارکان نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی عدم شرکت پر احتجاج اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سے بریفنگ لینے سے انکار کر دیا ۔ رکن کمیٹی اقبال محمد علی نے چیئرمین پی سی بی کی عدم موجودگی پر واک آئوٹ بھی کیا، قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین آغا حسن بلوچ کی صدارت میں ہوا۔ اقبال محمد علی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ کی تقرری پر بھی سوالات اٹھائے جس پر آصف باجوہ نے کمیٹی کو بتایا کہ میرے خلاف نیب اور ایف آئی اے میں کوئی کیس نہیں ہے، ہر میٹنگ میں یہ بات اچھالی جاتی ہے اور بے عزتی کی جاتی ہے ، کمیٹی نے آصف باجوہ کی تقرری آئین کے مطابق ہونے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔چیئرمین کمیٹی نے آصف باجوہ کو اپنی بے گناہی کے شواہدآئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ نے کمیٹی کو بتایا کہ پی سی بی کا آئین کابینہ نے پاس کیا ہے۔ اقبال محمد علی نے کہا کہ آئین یہاں کمیٹی میں کیوں نہیں آیا ۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نےکہا کہ20 تاریخ کو ہمیں نوٹس ملا ہے، 19کو پی سی بی کا نیا آئین آیا ہے ، یہ نوٹس شارٹ تھا اس وجہ سے چیئرمین پی سی بی نہیں آسکے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ آئندہ اجلاس 23 ستمبر کو رکھیں گے اگر چیئرمین پی سی بی کا یہی رویہ رہا تو ان کے خلاف کارروائی کےلیے وزیراعظم کو کہیں گے۔