• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی تجارتی جنگ میں تیزی، ٹرمپ کی چین کے بعد فرانس کو بھی پابندیوں کی دھمکی، بدمعاش واشنگٹن کو اپنے حصہ کا کڑوا پھل کھانا پڑے گا، چین

واشنگٹن(جنگ نیوز، خبر ایجنسیاں)عالمی تجارتی جنگ میں تیزی،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کی 550ارب ڈالر کی تجارتی مصنوعات پر مزید 5فیصد اضافی محصولات عائد کرنے کا اعلان کر دیا ، ٹرمپ نے ہی چین کےبعد فرانس کو بھی پابندیوں کی دھمکی دیتے ہوئے دھمکایا کہ اگر فرانس ڈیجیٹل ٹیکس نہیں ہٹاتا جس سے امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کونقصان پہنچ سکتا ہے تو امریکا بھی فرانس کی شراب پر بھاری ٹیکس عائد کردیگا ، ادھر چین نے کہاہےکہ برمعاش واشنگٹن کو اپنے حصے کا کڑوا پھل کھانا پڑیگا جبکہ یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹُسک نے کہا ہے کہ اگر امریکا فرانسیسی شراب پر اضافی محصولات عائد کرتا ہےتو یورپی یونین اس کا جواب دے گی۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس میں ہونے والےجی 7 سربراہی اجلاس میںبھی شرکت کی اس سے قبل انہوں نے فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکغوں سے بھی علیحدہ سے ملاقات کی اس موقع پر وہاں موجود صحافیوں سے گفتگو میںانہوں نے کہا کہ انہیں فرانسیسی شراب بہت پسند ہے،ایمانوئل اور مجھ میں بہت کچھ مشترکہ ہے،ہمارے تعلقات بہت خصوصی ہیں ، وائٹ ہائوس کے مطابق دونوں رہنمائوں کےدرمیان ملاقات میںمعاشی و تجارتی ایشوز سمیت سیکورٹی چیلنجز پر گفتگو ہوئی۔ قبل ازیں ٹرمپ کا کہنا تھاکہ چین سالہا سال سے تجارت کی مد میں امریکاکا پیسہ چوری کر رہا ہے، اس سے تجارت کا کوئی فائدہ نہیں ۔چین اور امریکا کے تجارتی تنازع میں شدت کو ماہرین عالمی تجارت کے لیے نقصان دہ قرار دے رہے ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ اس سے عالمی کساد بازاری جنم لے سکتی ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ امریکا یکم اکتوبر سے 250ارب ڈالرز کی چینی درآمدات پر عائد ٹیکس 25فیصد سے بڑھا کر 30فیصد کر دے گا۔امریکا کی جانب سے چین کی مصنوعات پر ٹیرف عائد کرنے بعد چین نے واشنگٹن کو خبردار کیا ہے کہ ’بدمعاش واشنگٹن کو آخر کار اپنے حصے کا تْرش پھل کھانا پڑے گا‘۔ترجمان چینی وزارت تجارت نے واشنگٹن کے فیصلے کو ’یکطرفہ اور بدمعاشی‘ قرار دیا اور کہا کہ امریکا نے ٹیرف میں اضافہ کر کے کثیرجہت تجارتی نظام اور عالمی تجارتی آرڈر کو نقصان پہنچایا ،امریکا کو اپنے حصے کا تْرش پھل کھانا پڑے گا‘۔ترجمان نے کہا کہ ’چین امریکا پر زور دیتا ہے کہ وہ صورتحال کے بارے میں غلط اندازہ نہ لگائے، چین کے لوگوں کے عزم کو کم نہ سمجھے‘۔وزارت تجارت کے ترجمان نے خبردار کیا کہ’امریکا اپنی احمقانہ غلطی کو روک لے بصورت دیگر نتائج کی ساری ذمہ داری واشنگٹن پر عائد ہوگی‘۔دوسری جانب یورپی یونین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے امریکا کو خبردار کیا کہ ٹرمپ کی چین اور یورپ کے ساتھ تجارتی کشیدگی کے نتیجے میں پوری دنیا کی اقتصادی صورتحال متاثر ہوگی اور بے روزگاری بڑے گی، اگر امریکا فرانسیسی شراب پر اضافی محصولات عائد کرتا ہے، تو یورپی یونین اس کا جواب دے گی۔

تازہ ترین