• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی 15 بہترین یونیورسٹیوں کے انتخاب کی منظوری

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم ہائوس میں جدید ترین یونیورسٹی آف انجینئرنگ و ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے قیام سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل سنٹر آف ریسرچ ، انوویشن، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور متعلقہ ٹیکنالوجیز، اہم نیشنل ہیومن ریسورسز ترقیاتی پروگرام میں انٹر پرینیور شپ کے قیام سے متعلق امور بھی زیر بحث لائے گئے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین ، سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق ٹاسک فورس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عطاءالرحمان، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے وزیراعظم کو سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم کو فروغ دینے ، تحقیقی و ترقیاتی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور مختلف حکومتی تنظیموں اور صنعتوں کے مابین موثر روابط قائم کرنے کے حوالے سے بریف کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر عطاءالرحمان نے بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق ٹاسک فورس نے جامع نالج اکانومی پالیسی دستاویز تیار کی ہے۔ اس کے علاوہ کاروبار میں آسانی اور بہتری سے متعلق بھی دستاویزات بھی تیار کی گئی ہیں، ان دستاویزات کا سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ تبادلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس ٹیکس وصولی کے شعبہ میں ایف بی آر اور نادرا کے درمیان موثر روابط قائم کرنے میں بھی مدد فراہم کرے گی۔ اجلاس میں اس بات پر زوردیا گیا کہ تکنیکی تعلیم اور سکل ڈویلپمنٹ میں ملوث متعلقہ تنظیموں کے مابین تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے سائنس اور تکنیکی تعلیم اور تحقیق کے فروغ میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ زراعت میں ویلیو ایڈیشن کے پہلو کو ترجیح دی جائے ۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اورچیئرمین ہایئر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے منتخب کردہ 15 بہترین یونیورسٹیوں کے انتخاب اور خصوصی درجہ دینے کی بھی منظوری دیدی۔ وزیراعظم نے یونیورسٹیوں کی طرف سے ان کی تحقیق کی بنیاد پر تجارتی منصوبوں کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں مستحق طلبہ کےلئے قومی سطح پر سکالر شپ کی قومی سکیم کو بھی زیر بحث لایا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ سکالر شپ سکیم کو احساس پروگرام سے منسلک اور مربوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مستحق اور اہلیت کے حامل طلبہ کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کے قابل بنایا جاسکے۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ تحقیق اور ترقی کی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے کےلئے صنعتوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے۔

تازہ ترین