• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ، پاکستان مینز ٹیم کی اچھی کارکردگی

کنگز کپ سیپک ٹاکرا ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان کی مردوں کی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہوپ مقابلوں میں 60 پوائنٹس حاصل کئے جبکہ ویمن مقابلوں میں پاکستان کو ایران کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تھائی لینڈ کے شہر بنکاک کے فیشن آئی لینڈ میں کھیلی جانے والی ورلڈ چیمپئن شپ کا آغاز رنگا رنگ تقریب سے ہوا جس میں تھائی لینڈ کے بادشاہ کے نمائندہ خصوصی نے خصوصی گھنٹہ بجا کر چیمپئن شپ کا آغاز کیا۔

اس موقع پر انہوں نے چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا اور بادشاہ کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا، قبل ازیں چیمپئن شپ کے آغاز پر پاکستان کی مینز ٹیم نے ہوپ میں 60 پوائنٹس حاصل کئے۔

دو سال قبل پاکستانی ٹیم نے ہوپ میں20 پوائنٹس حاصل کئے تھے، خواتین کے مقابلوں میں پاکستان کو ایران کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں ایونٹ کے مختلف مقابلوں میں شرکت کر رہی ہیں۔

چیمپئن شپ میں مردوں کے 4 جبکہ خواتین کے 3 ایونٹس ہو رہے ہیں۔ پاکستان کی مردوں کی ٹیمیں ہوپ، ریگو اور ٹیم ایونٹ میں جبکہ خواتین کی ٹیمیں ڈبل، ریگو اور ٹیم ایونٹ میں مقابلہ کریں گی۔

پاکستانی مینز ٹیم کے منیجر سردار محمد خان،  ہیڈ کوچ شبیر، کوچ عارف وحید ہیں، جبکہ کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، محمد خالد، شاکر، محمد منہاج خان، علی سیف سنجرانی، حارث احمد خان، عزیز شبیر، معراج احمد، جاوید اقبال اور شہروز علوی شامل ہیں۔

ویمن ٹیم کے منیجر ڈاکٹر عارف حفیظ، کوچ محمد سلیم اور صمد خان جبکہ کھلاڑیوں میں ریحانہ آصف، مریم انور بٹ، ثمرین ناز، نرمینہ علی اکبر، وجیہ خان، نصرت افضل، عشرت عامر، طاہرہ یاسمین، کنول یوسف، کرن صبا، نورین جمیل شامل ہیں۔

تازہ ترین