• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرینڈز آف برسلز کے زیر اہتمام تقریب


یورپین دارالحکومت برسلز کی اہم ترین کمیون (میونسپلٹی ) 1000 برسلز کے میئر فلپ کلاز نے کہا ہے کہ تقریباً 50 فیصد آبادی کے ساتھ برسلز دنیا کا دوسرا بڑا شہر ہے اور یہی تنوع اس کی اصل طاقت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرینڈز آف برسلز کے زیر اہتمام اس طرح کی دوسری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کا اہتمام اسی کمیون کے پہلے پاکستانی نژاد کونسلر ناصر چوہدری نے مقامی پاکستانی ریسٹورینٹ میں کیا تھا، جس میں برسلز میں تعینات مختلف ممالک کی ڈپلومیٹک کمیونٹیز نے شرکت کی۔

میئر فلپ کلاز کا کہنا تھا کہ برسلز میں مختلف ممالک کی 184 قومیتیں آباد ہیں۔ ہم سب ملکر اس شہر کی ترقی اور سب کے لیے بہتر زندگی حاصل کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کونسلر محمد ناصر چوہدری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہماراحصہ بنے ہیں اور اس شہر کی ترقی کے لیے بالکل اچھوتے اور نئے آئیڈیاز لے کر آرہے ہیں، جنہیں ہم سب قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، آج جس طرح انہوں نے اپنی ذاتی حیثیت میں مختلف سفارت کاروں، ممبران برسلز اسمبلی اور میونسپل ممبران کو اکٹھا کیا یہ قابل فخر ہے اور ان کی اپنی پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی اعزاز کی بات ہے۔

تقریب میں پاکستان کے قائم مقام سفیر نعمان بشیر بھٹی مہمان خصوصی تھے، جبکہ دیگر مہمانوں میں سعودی سفیر سعد العارفی، رشین فیڈریشن کے ڈیفنس اتاشی، بیلاروس، فلسطین کے سفارتی نمائندگان اور سفارت خانہ پاکستان سے انفارمیشن منسٹر سیّدہ سلطانہ رضوی، شکیل حیدر اور کشمیر ڈیسک کے انچارج راحیل طاہر نے شرکت کی۔

پاکستانی کمیونٹی کے شرکاء میں سے سردار صدیق، علی چوہدری، سید حسنات احمد بخاری، ڈاکٹر اسماعیل اور اظہر محمود قابل ذکر تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کونسلر ناصر چوہدری نے کہا کہ ایسی تقریبات کے ذریعے وہ پاکستانی اور دیگر کمیونٹیز کے درمیان فاصلہ کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کی یہ بھی کوشش ہے کہ عوام اور مختلف انتظامی ذمہ داریاں ادا کرنے والے افراد کے درمیان بھی تعاون اور رابطے کی ایک نئی فضا پیدا کی جاسکے اور ہم تمام لوگ مل کر اپنے شہر برسلز کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکیں۔

سعودی سفیر سعد العارفی، بیلاروس اور فلسطین کے نمائندگان اور ایکٹنگ پاکستانی سفیر نعمان بشیر بھٹی نے خطاب میں کونسلر محمد ناصر چوہدری کی کوششوں کی تعریف کی اور انہیں قابل قدر قرار دیا۔

بعد ازاں مہمانوں کی پاکستان کے روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی اور انہیں تحائف بھی پیش کئے گئے۔

تازہ ترین