• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، مقررین

مانچسٹر (نمائندگان جنگ) اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے وطن اور ان کی نئی نسل کو پاکستان کے قیام و مقاصد سے آگاہ رکھنے اور پاکستان کا وقار سربلند کرنے کیلئے برطانیہ میں مقیم پاکستانی صحافیوں کا کردار قابل ستائش اور ان کی حب الوطنی کا کھلا ثبوت ہے۔ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ تھا اور رہے گا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا اقوام عالم کو نوٹس لینا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے سنٹرل پاکستان پریس کلب یوکے یورپ کے سالانہ عشائیہ پاکستان کمیونٹی سنٹر مانچسٹر میں کیا۔ عشائیہ میں نیشنل پریس کلب پاکستان اسلام آباد کے صدر شکیل قرار مہمان خصوصی تھے جب کہ برطانیہ کے پانچ پریس کلب جن میں سکاٹ لینڈ، لندن، بریڈفورڈ، مانچسٹر، برمنگھم کے صدور و دیگر عہدیداران نےمرکزی صدر طلعت محمود گوندل کی قیادت میں بطور خاص شرکت کی۔ تقریب میں جنگ، جیو کے علامہ عظیم جی کو بطور صحافی پچاس سال سے زائد کا عرصہ مکمل کرنے پر داد تحسین ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نیشنل پریس کلب پاکستان کے مرکزی صدر شکیل قرار نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہوسکتا لیکن افسوس کہ پاکستانی حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا ورنہ کیا وجہ ہے کہ ستر سال سے یہ مسئلہ یواین او کے ایجنڈے پر موجود ہے لیکن ابھی تک حل نہیں ہوا -اقتدار سے باہر رہ کر جو سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر کچھ کرنے کا اعلان کرتی ہیں اقتدار میں آتے ہی اسے بھول جاتی ہیں۔ اب مسئلہ حل ہونے کا وقت آ گیا ہے اور ہم کسی صورت اپنے کشمیری بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے - انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پرصحافیوں کی ذمہ داریاں عام لوگوں کی نسبت بہت زیادہ ہیں ۔شکیل قرار نے کہا کہ ہم برطانیہ میں صحافیوں کے اتحاد کی ہر کوشش کی حمایت کرتے ہیں اور میری کوشش ہو گی کہ اس اتحاد کو عملی جامہ پہنایا جائے- ظہور احمد نیازی نے کہا کہ کشمیرتقسیم ہندوستان کا نامکمل ایجنڈا ہے،دو قومی نظریہ کی بنیاد پر ہندوستان کی تقسیم ہوئی تھی ۔71 سال سے ہماری آنکھوں پر پٹی بندھی رہی اور مسئلہ کشمیر حل نہ ہو سکا۔ آج مسئلہ کشمیر کی صورتحال سے واضح ہو گیا ہے کہ جب کشمیریوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگنے والے مودی کو عرب ممالک ایوارڈ دے رہے ہیں تو مسلم امہ ختم ہو گئی ہے اور یہ ثابت ہو گیا ہے کہ ہر شخص اپنے ہی ملک کا شہری ہے ۔ بھارت نے خود اپنے ٹوٹنے کے اقدامات کر لئے ہیں اور کشمیر کی آزادی کے بعد بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا۔پاکستانی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فضہ نیازی نے کہا کہ تقاریب کسی بھی قوم کے زندہ ہونے کا ثبوت ہیں اور یہ تقریب بھی پاکستان کے درخشاں مستقبل کے لئے بہت اہم ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر بھارت جس طرز عمل کا مظاہرہ کر رہا ہے وہ قابل مذمت ہے اور عالمی برادری اس پر اپنا کردار ادا کرے۔ فضہ نیازی نے کہا پاکستان کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا- شیڈو وزیرافضل خان نے کہا کہ اگر عربوں نے مودی کو ایوارڈ دیا ہے تو اس کی حیثیت کیا ہے، کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے کیونکہ عربوں کی دنیا میں اگر کوئی قدر تھی تو وہ پاکستان کے ساتھ ہی تھی ورنہ عربوں کو تو دنیا میں جانتا ہی کوئی نہیں ،انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تحریک اس وقت اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے، آب کشمیری قوم کو مزید غلام نہیں بنایا جا سکتا، بھارت نے اپنے ٹکڑے کرنے کی خود کوشش کی ہے - انہوں نے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر برطانوی پارلیمنٹ اور دنیا کے ہر فوم پر اٹھاتے رہیں گے انہوں بھارت سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ کشمیر کی اصل حالت بحال کرکے کشمیریوں کا حق آزادی دے۔ طاہر انعام شیخ نے ایک قرار داد پیش کی جس میں کشمیر کے مسئلے کے حل پر زور دیا گیا۔ محبوب الٰہی بٹ نے کہا کہ جب برطانیہ میں صحافیوں کے اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لئے کوششیں شروع ہوئیں اس وقت میں برطانیہ بھر کے سب صحافی اکٹھے تھے تو پھر آج برطانیہ میں چھ پریس کلب بنانے کی ضرورت کیونکر پیش آئی، میں اتحاد کی طرف دعوت دیتا ہوں اور ہم اپنی تنظیم کے تمام اثاثے متحدہ تنظیم کے حوالے کر نے کو تیار ہیں ۔ جی ایم مغل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے،صحافی پہلے بھی اپنا کردار نبھاتے رہے ہیں اور آئندہ بھی نبھائیں گے۔کرفیو کے باعث اس وقت مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کے گھروں سے راشن ختم ہو چکا ہے اور بیماروں کو ہسپتال تک رسائی نہیں ہے۔ نصر اللہ مغل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر بات چیت کا وقت ختم ہو چکا اب ایکشن کا وقت ہے ۔سنٹرل پاکستان کے پانچ پریس کلبس کے مرکزی صدر طلعت گوندل نے واضح کیا کہ سنٹرل پاکستان پریس کلب یوکے اینڈ یورپ دراصل پانچ پریس کلبس کا اتحاد ہے جس کا مقصد برطانیہ یورپ کے صحافیوں کی فلاح بہبود، ان کے حقوق کا تحفظ ہے ہم مزید پریس کلبسں صحافیوں کو اس اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں ۔اس موقع پر شہباز سرور ابوبکر ، استاد محمد صفدر ،محمد شہزاد مرزا کی کمیونٹی خصوصا صحافی برادری کی خدمات کو سراہا گیا۔تقریب میں تمام مذاہب کے مذہبی رہنماؤں نے سٹیج پر آکرانسانیت پاکستان کی بقا خوش حالی آزادی کشمیر کیلئے دعا کرائی۔ تلاوت صاحبزادہ احمد وقار بیگ قادری نے کی جب کہ نعت یاسر فضلی نے پیش کی قومی نغمہ ’کشمیر ہمارا ہے‘ محمد سرور نے سنایا۔ تقریب میں برطانیہ بھر کے صحافی، تجارتی، سیاسی، سماجی و مذہبی رہنما، مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تازہ ترین