• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلحہ سازی کے حوالے سے پاکستان کا شمار سرفہرست ممالک میں کیا جاتا ہے۔ ملک کا دفاعی مواصلاتی نظام اور چھوٹے بڑے ہتھیاروں کے علاوہ بھاری اسلحہ دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے۔ پاک افواج کی دفاعی صلاحیت کی بات کی جائے تو ہم نے بہت قلیل عرصے میں اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنالیا ہے۔ پاکستان کی سالمیت کے ضامن ایٹم بم،میزائل ٹیکنالوجی، الخالد اور ضرار ٹینک کی تیاری،براق ڈرون اور مقامی طور پر تیار کردہ بکتر بند اور بلٹ پروف گاڑیاں، یہ سب ایسی کامیابیاں ہیں جنہیں اسلحہ بنانے والے بڑے ممالک بھی رشک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

جے ایف 17تھنڈر طیارہ

پاکستان کے جے ایف تھنڈر17لڑاکا طیارے نے دنیا بھر میں دھوم مچادی ہے، بالخصوص27فروری کو بھارتی مگ21طیارہ مار گرانے پر اس کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا جارہاہے۔ جے ایف تھنڈر17طیاروں کو پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس (پی اے سی) میں تیار کیا جاتا ہے، جہاں ہرسال 25 طیارے تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔پاک فضائیہ نے جے ایف تھنڈر 17کے پہلے ورژن کا استعمال 2010ء میں شروع کیا تھا جبکہ اس سے پہلے اس کی دفاعی ضروریات کا انحصار امریکی ساختہ طیاروں پر تھا۔ بلاک ٹو جے ایف تھنڈر17 طیاروں میں پہلے سے بہتر ایویونکس سسٹمز، فضاءمیں ایندھن بھرنے کی صلاحیت، اضافی ہتھیاروں کو لے جانے کی صلاحیت اور کچھ اضافی آپریشنل صلاحیتیں موجود ہیں۔ یہ ایک ہلکے وزن کے کثیرالجہتی طیارے کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جو 55ہزار فٹ کی بلندی تک 1500میل فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار سے پرواز کرسکتا ہے۔

الخالد ٹینک

الخالدٹینک پاکستانی فوج کا جدید ترین ٹینک ہے، جو400کلومیٹر دور تک بغیر کسی مزاحمت کے سفر کر سکتا ہے۔ اس کے اندر یوکرین کا12ہارس پاور کاانتہائی جدید انجن نصب ہے۔ یہ ٹینک 70کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتا ہے۔ اس کا عملہ تین افراد پر مشتمل ہوتا ہے۔اس میں ایک عدد 125 ملی میٹر اسموتھ بور ٹینک گن نصب ہے۔ اس کے علاوہ یہ فرینچ آٹویٹک ٹرانسمیشن سے لیس ہے۔ الخالد ٹینک میں ایک مشین گن چھت پر اور ایک نیچے لگی ہوتی ہے۔ اس کی توپ200میٹر سے لےکر 2000میٹر کے فاصلے تک دشمن کو نشانہ بنا سکتی ہے۔ اس میں روس کا بنایا گیا گولہ لگانے والا خودکار نظام نصب ہے۔یہ پانچ میٹر گہرے پانی میں سے بھی گزرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ اس کے دو ماڈل الخالد ٹینک I اورII ہیں۔

ملٹی بیرل بکتر شکن توپ

دفاعی مصنوعات کے تحقیقی ادارےGIDS نے بیک وقت 4گولے داغنے والی ملٹی بیرل بکتر شکن توپ تیار کی ہے، اس توپ کو ایک بریف کیس جتنے جدید فائرنگ سسٹم سے منسلک کیا گیا ہے۔ توپ پر لگے ہوئے طاقتور کیمرے کے ذریعے اندھیرے میں بھی دشمن کی بکتر بند گاڑیوں کونشانہ بنایاجا سکتاہے۔ 90میٹرکے فاصلے سے کنٹرول پینل کے ذریعے ایک کے بعد ایک4گولے داغے جاسکتے ہیں، جس سے دشمن کی متعدد بکتر بندگاڑیوں کو تباہ کیا جاسکتا ہے۔ عام توپ کے برعکس اس توپ کو چلانے والے (فائرر) دشمن کے جوابی وار سے محفوظ رہتے ہیں۔

براق ڈرون

براق ڈرون مکمل طور پر پاکستان میں تیار کردہ ڈرون طیارہ ہے۔ یہ ڈرون پاکستان ایئر فورس اورنیشنل انجینئرنگ اینڈ سائنٹیفک کمیشن (NESCOM) نے تیار کیا ہے، جو بغیر پائلٹ کے اُڑتا اور حملہ کرتا ہے۔ براق ڈرون میں مختلف منظر کشی، موشن سینسر کی جاتی ہے اور یہ ’برق‘ نامی لیزر گائیڈڈ میزائل سے لیس ہے۔ پاکستانی ڈرون20سے 22ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے زمین پر موجود اپنے ہدف کو100فیصد نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 2009ء میں مقامی سطح پر تیار کیے گئے اس ڈرون طیارے کو ابتدا میں جاسوسی اور دہشت گردوں کی نگرانی کیلئے استعمال کیا گیا، بعدازاں اسے جدید لیزر گائیڈڈ میزائل سے لیس کردیا گیا۔2013ء میں ڈرون طیاروں کو مسلح افواج کے حوالے کیا گیا، جس کا پہلا تجربہ انتہائی کامیاب رہا اور لیزر گائیڈڈ میزائلوں سے لیس ان ڈرون طیاروں نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔

اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل

ملکی دفاع کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل ویپن سسٹم ہے، جس کے ذریعے 3ہزارمیٹر تک کے فاصلے پر دشمن کے ٹینکوں کو تباہ کیا جاسکتا ہے۔ اس سسٹم کو کارگر بنانے کے لیے اس کا وزن کم سے کم رکھنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ دشمن کے ٹینکوں کے جوابی حملے سے محفوظ رہنے کیلئے بآسانی جگہ تبدیل کی جاسکے۔ اس سسٹم کو 2افراد تیزی کے ساتھ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرسکتے ہیں۔ 

تازہ ترین