• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوکا ورلڈ کپ فٹ بال کی تیاری کےلیے پاکستانی ٹیم کے ٹرائلز مکمل ہوگئے۔ اس طرح ملک کے مختلف شہروں سے کھلاڑیوں کی تلاش کےلیے اوپن ٹرائلز کا مرحلہ بھی مکمل ہوگیا۔

اسلام آباد، لاہور اور کوئٹہ کے بعد کراچی میں ڈی ایچ اے راحت فٹبال اسٹیڈیم پر پانچ سو سے زائد کھلاڑیوں نے ٹرائلز میں حصہ لیا۔

برطانوی کوچ کیون ریوز نے آزادانہ ٹرائلز کے ذریعے کھلاڑیوں کا چناؤ کیا۔

دوران ٹرائلز برطانوی کوچ کی معاونت گوہر زمان اور اکبر بلوچ نے کی۔

کراچی میں فائنل ٹرائلز کے موقع پر برطانوی کوچ کیون ریوز، بریگیڈیئر (ر) نصرت حیات، سید اسحٰق شاہ اور گوہر زمان نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

اس موقع پر دانش رؤف ڈینی، سید محمد طلحٰہ، شباب احمد، عثمان پرویز، زیب خان، کرنل (ر) ندیم قاضی و دیگر بھی موجود تھے۔

برطانوی کوچ نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کا بے تحاشہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ ورلڈ گروپ اور لیژر لیگز جس طرح پاکستان میں فٹبال کے عروج کے لیے کوشاں ہیں، اس پر میں اُنہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

کیون ریوز کا کہنا تھا کہ اوپن ٹرائلز کے ذریعے پاکستان سے بہترین ٹیلنٹ کا انتخاب کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ لاہور میں دوران کیمپ ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور 12 تا 20 اکتوبر یونان کے شہر کریٹ میں ہونے والے دوسرے سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنے گروپ کی حریف ٹیموں جرمنی، ہنگری، سلووینیا اور رومانیہ کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

کیون ریوز کا کہنا تھا کہ لاہور میں تربیتی کیمپ کے علاوہ یونان میں بھی مختصر کیمپ لگایا جائے گا تاکہ ہمارے کھلاڑی کے وہاں موسم میں ایڈجسٹ ہوسکیں۔

بریگڈیئر (ر) نصرت حیات خان، ڈائریکٹر  ورلڈ گروپ نے کوچ کیون ریوز کی پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ دیانتداری اور خلوص نیت کے ساتھ پاکستان ٹیم کی تیاری کے لیے کوشش کررہے ہیں۔ ہمیں پوری امید ہے کہ ان کی کوششیں رنگ لائیں گی اور پاکستان کو سوکا ورلڈ کپ میں نمایاں کامیابی حاصل ہوگی۔

ورلڈ کپ کوالیفائر منعقدہ سری لنکا 2002ء میں پاکستان کی جانب سے ہنوز واحد ہیٹ ٹرک بنانے والے گوہر زمان نے پریس کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے 10سالہ انٹرنیشنل کیریئر میں کبھی کسی یورپین ٹیم کے ساتھ کھیلنے کا موقع نہیں ملا لیکن ورلڈ گروپ ٹرنک والا فیملی نے قومی کھلاڑیوں کو یہ موقع فراہم کرکے انقلابی اقدام کیا ہے۔

چیف آپریٹنگ آفیسر لیثررلیگزاسحٰق شاہ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پاکستان کے چار شہروں میں اوپن ٹرائلز کے ذریعے کوچ کیون ریویز نے بغیر کسی دباؤ کے آذادانہ سلیکشن کی ہے۔

تازہ ترین