• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت پاکستان کے اعلان کے مطابق ہفتے میں ایک دن آدھے گھنٹے کے لیے کشمیر سے اظہارِ یکجہتی ضرور کیا جائے گا جس کا آغاز آج جمعتہ المبارک کے با برکت دن سے کر دیا گیا ۔

اس حوالے سے سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جن میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سمیت مقامی ہسپانوی کمیونٹی نے بھی بھر پور شرکت کی۔

ان ریلیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی، احتجاجی ریلیوں میں شامل افراد نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔

میڈرڈ میں نکالی گئی ریلی سے سفیر پاکستان خیام اکبر اور ہیڈ آف چانسلری دانش محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مقامی کمیونٹی کو بتانا ہے کہ مسئلہ کشمیر در حقیقت ہے کیا؟

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی اپیل پر آج ساری دنیا میں مقیم پاکستانی اور کشمیری باہر سڑکوں پر نکل آئے ہیں جو کشمیر سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

بارسلونا میں نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے کہا کہ ہماری سفارتی، جانی اور مالی مدد کشمیریوں کے ساتھ تھی اور کشمیر کی آزادی تک ساتھ رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایسی ریلیوں سے ہمیں یو این او اور بڑی طاقتوں کو باور کرانا ہے کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ان کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کے ساتھ رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کی خودمختار حیثیت ختم کرنےکا جابرانہ اقدام کرکے اپنی تباہی پر مہر ثبت کر دی ہے کیونکہ بھارت کے پاس یہ آخری پتا تھا جو اُس نے کھیل دیا ہے۔

ریلیوں سے دوسرے مقررین نے بھی خطاب کیا جن میں راجہ مختار سونی ، ملک محمد شریف، راجہ نامدار اقبال خان اور راجہ نصیر شامل تھے، مقررین نے اپنے خطابات میں مودی سرکار کے خلاف سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی اس دور کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے، اس موقع پر شرکا نے بھارتی حکومت کے خلاف  نعرے بازی کی۔

تازہ ترین