• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر کرکٹ ایسوسی ایشن 32 کھلاڑیوں کو سالانہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ دے گی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں ہر کرکٹ ایسوسی ایشن 32 کھلاڑیوں کو سالانہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ دے گی۔ یہ کھلاڑی سیزن میں ایسوسی ایشن کے لیے فرسٹ کلاس، نان فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹس میں شرکت کریں گے۔ یہ کھلاڑی پی سی بی کے سنٹرل کنٹریکٹ کاحصہ نہیں ہوں گے۔ ان 32 سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے علاوہ بھی کرکٹ ایسوسی ایشن کسی اور کھلاڑی کو فی میچ معاوضہ دے کرٹیم میں شامل کرسکتی ہے۔ڈومیسٹک کنٹریکٹ رکھنے والے ہر کھلاڑی کو ماہانہ 50 ہزار روپے معاوضہ ملے گا۔ ایک سیزن میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والا ایک کھلاڑی میچ فیس، الاونسز اور انعامی رقوم کی مد میں 20 سے 25 لاکھ روپے معاوضہ وصول کرے گا ۔نئے اور باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو سسٹم میں نمایاں پہچان دینے کے لیے نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کو 3 مختلف درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ملک بھر میں قائم 6 ہائی پرفارمنس سنٹر ز کھلاڑیوں کو معیاری کرکٹ ، طرز زندگی اور کھیل میں جدت رکھنے والے تمام ہنر سکھانے میں مدد دیں گے۔حکومت پاکستان کی جانب سے 9 اگست کو آئین میں ترامیم کی منظوری دئیے جانے کے بعد نیا ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر وجود میں آیا۔ ۔نئے اسٹریکچر کے مطابق 16 ریجنز کو 6 ایسوسی ایشنز میں ضم کردیا گیا ہے۔سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن میں کراچی، حیدرآباد اور لاڑکانہ شامل ہیں۔ بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن میں ڈیرہ مراد جمالی اور کوئٹہ شامل ہیں، سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن میں ملتان اور بہالپور شامل ہیں۔سنٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن میں فیصل آباد، سیالکوٹ اور لاہور شامل ہیں ،خیبرپختون خواہ کرکٹ ایسوسی ایشن میں پشاور، فاٹا اورایبٹ آباد شامل ہیں۔ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن میں اسلام آباد، راولپنڈی اور آزادجموں وکشمیر شامل ہیں۔

تازہ ترین