• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی تاریخ کو جھٹلا نہیں سکتے، وزیراعظم آزاد کشمیر

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کرفیو کے باوجود اپنا خون دیکر آزادی کی شمع بجھنے نہیں دے رہے۔ ہمیں تو انکی آواز کو بلند رکھنے کےلیے صرف اپنا وقت دینا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام برسلز پہنچنے کے بعد نمائندہ جنگ  سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت تاریخ کو جھٹلا کر طاقت کے زور پر کشمیر کو ہضم نہیں کر سکتی۔

یہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک زمین کے ٹکڑے کا تنازعہ نہیں بلکہ یہ کشمیری عوام کے جمہوری حق اور دنیا میں ایک تسلیم شدہ تنازع ہے۔ اقوام متحدہ کی گیارہ قراردادیں اس بات کی علامت ہیں۔ اسی لیے پاکستان نے اسے ایک متنازع علاقہ سمجھا اور اس نے ہمیشہ وہاں استصواب رائے کی بات کی۔

انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یورپین پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے نئے پارلیمانی سال کے پہلے ہی دن مسئلہ کشمیر کو اپنے ایجنڈے میں شامل کیا ہے۔ ہمیں یورپین قیادت سمیت عالمی ضمیرکو جھنجھوڑتے رہنا ہے۔ اس کے لیے ہمیں اپنے تمام سیاسی اور نظریاتی اختلافات بھلا کر ایک ہونا ہوگا اور ایک مختصر اور کامن ایجنڈے پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ آج یہاں ان کی اقوام متحدہ کے نمائندگان اور ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں طے ہیں، جبکہ شام کو برسلز پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

قبل ازیں وزیر اعظم آزاد کشمیر جب برسلز پہنچے تو مدی ساؤتھ ریلوے  اسٹیشن پر کشمیر کونسل ای یو کے چئیرمین علی رضا سید، فری کشمیر برلن کے ڈاکٹر صدیق کیانی، ورلڈ ڈائس پورہ الائنس یورپ کے صدر خالد جوشی، سردار صدیق خان، راجہ خالد اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔

تازہ ترین