• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بولنگ کوچ کے امیدوار والش سے بورڈ کا آدھی رات کو رابطہ

 کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) ایسا شائد پاکستان کرکٹ ہی میں ممکن ہوسکتا ہے دو ہفتے قبل جب بورڈ کے ایک ذمے دار نے سابق ویسٹ انڈین فاسٹ بولر کورٹنی والش کے ایجنٹ کو جمیکا میں فون کرکے کہا کہ پی سی بی کا پینل کورٹنی والش کا بولنگ کوچ کے لئے انٹر ویو لینا چاہتا ہے۔ تو جواب میں نیند میں ڈوبے ایجنٹ نے کہا اس وقت کنگسٹن جمیکا میں رات کے دو بجے ہیں۔ والش کو نیند سے جگانا ممکن نہیں ہے۔ آپ صبح کال کر لیں میں ان سے بات کرکے انٹر ویو کا وقت لے لوں گا۔ پی سی بی کے حد درجہ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سے فون کرنے والے کو اس بات کا علم ہی نہیں تھا کہ اس وقت ویسٹ انڈیز میں آدھی رات ہے۔ اگلے دن انٹرویو کا وقت طے ہوا ۔ لیکن اس سے پہلے ہی پی سی بی وقار یونس کو بولنگ کوچ بنانے کا فیصلہ کر چکا تھا یہی وجہ تھی کہ وقار یونس نے اپنی اہلیہ کے ساتھ سڈنی سے لاہور کا سفر کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں جب کوچز کے انٹر ویوز ہورہے تھے تو پینل کے سامنے بولنگ کوچ کےلئے ایک ہی نام وقار یونس کا سامنے آیا جس پر پینل نے حیرت کا اظہار کیا۔ کیوں کہ ہیڈ کوچ کے لئے مصباح الحق اور محسن حسن خان کے درمیان مقابلہ تھا۔ دونوں نے لاہور میں انٹرویو دیا۔ پینل کے اعتراض پر کہ بولنگ کوچ کے لئے صرف وقار یونس نے ہی اپلائی کیا ہے تو اچانک کورٹنی والش کے ایجنٹ کو نیند سے جگایا گیا۔ وسیم خان ،ذاکر خان ،اسد علی خان ،بازید خان اور انتخاب عالم پر مشتمل کمیٹی نے مصباح اور وقار یونس کو تین تین سال کے لئے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ بنانے کی منظوری دی جبکہ مالی معاملات پی سی بی خود طے کئے۔

تازہ ترین