• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فروغ نسیم نے خطرناک محاذ کھول دیا: شاہی سید

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا کہ وفاقی وزیرِ قانون کی جانب سے کراچی میں آرٹیکل 149 کے نفاذ سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان دے کر بیرسٹر فروغ نسیم نے خطرناک محاذ کھول دیا ہے۔

کراچی سے جاری کیے گئے بیان میں شاہی سید نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی وفاقی وزیرِ قانون فروغ نسیم کی کراچی کے متعلق آرٹیکل 149کے بیان کی شدید مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر قانون کی جماعتی وابستگی بھی واضح نہیں ہے، وزیرِ اعظم عمران خان واضح کریں کہ وفاقی وزیرِ قانون کے بیان کو کیا وفاقی حکومت کا مؤقف سمجھا جائے۔

شاہی سید نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کی تقسیم کی مخالف ہے، سمجھ سے بالاتر ہے کہ حکمراں شہر کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں یا صورتِ حال کو مزید گمبھیر بنانا چاہتے ہیں۔

شاہی سید نے مزید کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے صوبائی صدر اور کمیٹی کے دیگر اراکین کی جانب سے چیئرمین کے بیان سے لاتعلقی کے بعد فروغ نسیم کو کمیٹی کی سربراہی سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی کو وفاق کے کنٹرول میں دینے کے بجائے شہر کی صفائی، بارش کے بعد تباہ حال سڑکوں کی بحالی اور گندگی کے باعث وبائی امراض سےبچنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

تازہ ترین