• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیفا کا پاکستان میں فٹبال معاملات پر نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان

 فیفا کا پاکستان میں فٹبال معاملات پر نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان
حمزہ خان ۔ چیئرمین فیفا نارملائزیشن کمیٹی

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان میں فٹبال کے معاملات کو حل کرنے کے لیے نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان کردیا ہے۔

کراچی یونائیٹڈ فٹبال کلب کے سابق کپتان حمزہ خان کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔

فیفا کے ترجمان کے مطابق پاکستان میں فٹبال کے معاملات چلانے اور فٹبال فیڈریشن میں نئے انتخابات کرانے کے لیے پانچ رکنی نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان کردیا گیا ہے، کمیٹی کے چیئرمین حمزہ خان ہوں گے جو کہ فٹبالر رہ چکے ہیں۔

ان کے علاوہ پی ایف ایف کے سابق سیکریٹری کرنل مجاہد ترین، جھنگ ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن سے تعلق رکھنے والے منیر احمد سندھانہ، سکندر خٹک اور سید حسن نجیب شاہ بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

فیفا کے مطابق کمیٹی کا کام پاکستان فٹبال فیڈریشن میں کلبز کی رجسٹریشن اور اسکروٹنی کرانا، الیکشن کے قوانین ترتیب دینا، پہلے ڈسٹرکٹ پھر صوبائی سطح پر الیکشن کروانا ور اس کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات کرانا ہے۔

کمیٹی ان تمام کاموں کی تکمیل پر تحلیل ہوجائے گی اور اسے یہ تمام امور نمٹانے کے لیے 25 جون 2020ء تک کا وقت دیا گیا ہے۔

فیفا کے مطابق موجودہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کو ہدایت دے دی گئی ہے کہ وہ 20 ستمبر سے قبل پاکستان فٹبال فیڈریشن کے دفاتر اور تمام بینک اکاؤنٹس نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے کردے۔

کمیٹی فوری طور پر کام کا آغاز کرے گی اور نئی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات اور اختیارات کی منتقلی تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کے روزمرہ کے امور بھی انجام دے گی۔

تازہ ترین