• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کا ماحولیاتی آلودگی خاتمہ کیلئے شاپنگ بیگز پر پابندی کاخیرمقدم

اراولپنڈی (نمائندہ جنگ) ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے شاپنگ بیگز کے خاتمہ کا عوامی سطح پر خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد کے بعد راولپنڈی میں بھی اکثر شاپنگ مالز اور دکانداروں نے گاہکوں کو پلاسٹک کے بیگز فراہم کرنے سے معذرت کر لی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو وقتی طور پر دقت کا سامنا تو کرنا پڑ رہا ہے مگر اسکے باوجود عوام حکومت کے اس فیصلے کو درست قرار دے رہے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں شاپنگ بیگز بنانے سے استعمال تک مکمل پابندی عائد اور خلاف ورزی پر بھاری جرمانے ہونے چاہئیں۔ سول سوسائٹی کا کہنا ہے کہ شاپنگ بیگز کا بڑھتا ہوا استعمال اور پھر انہیں تلف کرنے کی بجائے آگ لگا دینے کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی اور خطرناک بیماریاں پیدا ہو رہی ہیں۔ سیوریج نظام میں رکاوٹ اور سڑکوں پر گندگی کے ڈھیر مختلف قسم کے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین میں دبے شاپنگ بیگز سینکڑوں برس تک نہیں گلتے اور نہ ہی کھیتوں میں کچھ اُگنے دیتے ہیں‘ یہی وجہ ہے کہ مہذب ملکوں میں شاپنگ بیگز کا استعمال ممنوع قرار دیا جا چکا ہے۔ عوام نے وزیراعظم عمران خان اور اُنکی حکومت کو اس اچھے اقدام پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کسی بلیک میلنگ میں آئے بغیر شاپنگ بیگز پابندی پر سختی سے عمل کروایا جائے۔
تازہ ترین