• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کا کشمیر پر غاصبانہ قبضہ زیادہ دیر تک نہیں چلے گا،پی ٹی آئی

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بھارت کے پاس کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں، وزیراعظم عمران خان ہر فورم پر کشمیری عوام کا مقدمہ لڑرہے ہیں پاکستان اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ثابت قدمی کے ساتھ کھڑا ہے ۔ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سردار خادم حسین وردگ ، صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالباری بڑیچ ، نائب صدر سردار روح اللہ خلجی و دیگر نے جمعہ کو کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا کشمیر پر غاصبانہ قبضہ زیادہ دیر تک نہیں چلے گا ، پاکستان حکومت اور عوام کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں انکے شانہ بشانہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو پست نہیں کرسکتا ۔ مسلسل 40 دن سے کشمیر میں کرفیو کے باعث کشمیری عوام کے پاس اشیاء خوردو نوش اور ادویات کی شدید قلت ہوگئی ہے اور کسی بھی وقت کشمیر میں کوئی بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام پر مظالم سے توجہ ہٹانے کیلئے بے بنیاد پروپیگنڈہ کررہا ہے اگر بھارت نے پاکستان یا آزاد کشمیرمیں کوئی کارروائی کرنے کی غلطی کی تو پاکستانی فوج بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دے گی پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کیلئے پوری پاکستانی قومی اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ انہوں نےکہاکہ بھارتی آرمی چیف کی آزادکشمیر پر قبضے کی دھمکی دیوانے کی بڑھک کے سوا کچھ نہیں بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیوں سے بھارت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا مقررین نے کہا کہ حکومت کی موثر خارجہ پالیسی کے باعث پوری دنیا میں بھارت کا ظالم چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے ، سلامتی کونسل ، او آئی سی اور خصوصاً جنیوا میں 58 ممالک کا مشترکہ اعلامیہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی تائید ہے ۔ 
تازہ ترین