• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

افغان سرحد اور کنٹرول لائن پر پھر جارحیت، 5 جوان اور شہری خاتون شہید، جوابی کارروائی، 2افغان حملہ آور ہلاک، بھارتی ناظم الامور طلب

افغان سرحد اور کنٹرول لائن پر پھر جارحیت، 5 جوان اور شہری خاتون شہید


راولپنڈی، کوٹلی،فتح پورتھکیالہ(جنگ نیوز، خبر ایجنسی) افغان سرحد اور کنٹرول لائن پر پھر جارحیت، 5 جوان اور شہری خاتون شہید،جوابی کارروائی میں 2افغان حملہ آور ہلاک ، بھارتی ناظم الامور طلب، شمالی وزیرستان میں معمول کی گشت پر مامور فوجی دستے کا ایک جوان ،دیرمیں سرحدی باڑلگانے میں مصروف3جوان افغان شدت پسندوں کی فائرنگ سےشہید ہو ئے،کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک فوجی حوالدار اور ایک خاتون شہید،4خواتین سمیت 5شہری زخمی،پاکستان کی جوابی کارروائی میں بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔

تفصیلات کےمطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں ڈیوٹی پر مامور فوجی دستے معمول کی گشت پر تھے کہ سرحد پار سے دہشتگردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 23 سالہ سپاہی اختر حسین شہید ہو گیا،پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 2حملہ آور بھی مارے گئے ،فائرنگ گزشتہ رات سپن وام کے قریب ابا خیل کے علاقے میں کی گئی، سپاہی اختر حسین کا تعلق بلتستان سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرے واقعے میں دیرمیں پاک افغان بارڈر پر افغانستان سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے 3 جوان شہیدجبکہ ایک زخمی ہو گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوان سرحدی باڑ لگانے میں مصروف تھے کہ دہشتگردوں نے فائرنگ کردی،شہدا میں لانس نائیک سعید امین آفریدی، لانس نائیک شعیب سواتی اور سپاہی کاشف علی شامل ہیں، 28سال کے لانس نائیک سعید امین آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے تھا، 31سال کے لانس نائیک شعیب کا تعلق ضلع مانسہرہ سے تھا جبکہ 22 سال کا سپاہی کاشف علی ضلع نوشہرہ کا رہائشی تھا۔

پاک فوج کی جوابی کارروائی پر دہشتگرد فرار ہو گئے۔دریں اثنا لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے حوالدار ناصر حسین اور ایک خاتون شہید ہوگئیں،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول حاجی پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 33 سالہ حوالدار ناصر حسین شہید ہوگئے، انکا تعلق نارووال سے تھا، بھارتی گولہ باری سے لائن آف کنٹرول نکیال سیکٹر کے سرحدی گاؤں بالاکوٹ میں ایک خاتون فاطمہ دخترفیروزقوم گجرعمر50سال شہید ہوگئی جبکہ نازیہ بی بی زوجہ لال حسین عمر36سال قوم گجرسکنہ دریاڑی پلانی،شاہ بیگم زوجہ لال حسین عمر70سال قوم گجرسکنہ دریاڑی پلانی،شمائلہ دختر اسماعیل عمر21سال دریاڑی پلانی قوم گجر،گل یاسمین زوجہ اسماعیل قوم گجرسکنہ دریاڑی پلانی عمر50سال اور لال ولدلال دین قوم گجرسکنہ دریاڑی پلانی زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک شدید زخمی کو کوٹلی ریفر کر دیا گیا۔

بھارتی گولہ باری سے گورنمنٹ گرلزمڈل سکول لنجوٹ کی عمارت بھی تباہ ہوگئی۔پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی توپوں کوخاموش کرادیا،ناصر حسین کی عمر 33سال تھی اور ان کی پاک فوج میں 16سال سروس ہو چکی تھی۔

ناصر حسین کی میت ان کے آبائی علاقہ میں پہنچائی جائے گی جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائے گا۔

ادھرترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت پر بھارتی ناظم الامور گورو آہلو والیا کو طلب کیا گیا اور واقعہ پر شدید احتجاج کیا،ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج مسلسل لائن آف کنٹرول پر شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے، بھارتی فوج کی طرف سے شدید گولہ باری، فائرنگ کی جا رہی ہے جس کا نشانہ عام شہری بن رہے ہیں، یہ فائرنگ دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہے، لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اقوام متحدہ کے معاہدوں کی بھی خلاف ورزی ہے لہٰذا بھارت سیز فائر معاہدے کا احترام کرے اور لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور گولہ باری سے گریز کرے اور شہریوں کو امن کیساتھ رہنے دے۔

تازہ ترین