سکھر (بیورو رپورٹ، چوہدری محمد ارشاد) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ حکومت کو سپورٹ کرنے والی قوتیں ہوش کے ناخن لیں، کراچی پر قبضے سے وفاق کو نقصان پہنچے گا، وفاق ہمیں سپورٹ کرنے کے بجائے کمزور کرنے کی کوشش کررہا ہے، کبھی گورنر راج، کبھی اٹھارویں ترمیم پر حملہ، کبھی حکومت گرانے کی باتیں اور اب کراچی پر قبضہ کرنے کا کہہ رہے ہیں، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، سندھ حکومت ملک کی سب سے مضبوط حکومت ہے، کوئی بھی اس حکومت کو جمہوری و آئینی طریقے سے نہیں گراسکتا۔
وہ شکارپور کے نواحی علاقے مدیجی میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ جی ڈی اے، ایم کیو ایم، تحریک انصاف نے ایک ساتھ ملکر ہمارے خلاف الیکشن لڑا، اس وقت بھی انہوں نے کہا تھا کہ کراچی کو الگ کرینگے، جی ڈی اے کے نمائندوں نے کہا تھا کہ ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ اگر ایسا ہوا تو یہ بہت زیادہ خطرناک ہوگا، یعنی کہ آپ خود کہہ رہے ہیں کہ وفاق کراچی پر قبضہ کریگا، اس سے کراچی کو کراچی میں رہنے والے نہیں چلائینگے بلکہ اسلام آباد میں بیٹھنے والے چلائیں گے۔
وفاق کی جانب سے طویل عرصے سے کراچی اور پورے صوبہ سندھ کو اس کا حصہ نہیں دیا جارہا ہے، کراچی میں ملک کے تمام صوبوں کے لوگ رہتے ہیں، یہاں کے اسپتال اور اسکولز استعمال کرتے ہیں، ہمیں آبادی کے حساب سے ہی سہولیات فراہم کرنا ہوگی، وفاق کو ہمیں سپورٹ کرنا چاہیے مگر افسوس کہ وفاقی حکومت ہمیں کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہے، اس کا نقصان کراچی کے شہریوں کو ہی ہوگا۔جمہوری وفاقی پارلیمانی نظام ہی ملک کو جوڑتا ہے، ہم اسی نظام کے تحت آگے بڑھ سکتے ہیں۔