• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جج ویڈیو اسکینڈل، برطانوی فرانزک فرمز نے7ریکارڈنگز کی تصدیق کردی

لندن… دو برطانوی فرانزک فرمر نے جج ارشد ملک کی ویڈیو کی تصدیق کردی کہ یہ اصلی ہیں۔

ناصر بٹ کی7ویڈیوز کی توثیق ہوئی ہے۔ عدالت میں صرف ایک پیش کی جائے گی، باقی ویڈیوز کو لندن میں چھپاکر رکھا جائے گا۔ ان ویڈیوز کے بنانے میں دو سام سنگ موبائل فون استعمال ہوئے۔

’’جنگ‘‘ کو باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پی ایم ایل این یوکے، کے سینئر وائس پریذیڈنٹ ناصر بٹ نے جج ارشد ملک کی ویڈیوز ریکارڈ کی تھیں، اب ان کی فرانزک جانچ ہوگئی اور برطانیہ کی دو الگ کمپنیوں نے ویڈیوز کو اصل قرار دیا۔

ان کی آواز کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ سب کچھ اوریجنل ہے۔ ان فرمز نے پاکستان کی عدالت کو مخاطب کرتے ہوئے نوٹ لکھ دیئے ہیں کہ ان ریکارڈ شدہ مواد بشمول اسکرپٹ کی کوئی ٹمپرنگ یا تبدیلی نہیں کی گئی اور ان میں کسی قسم کی کوئی ایڈیٹنگ نہیں کی گئی۔

ان ریکارڈنگز کی تصدیق کے لئے ناصر بٹ کو درخواست کی تھی، جب دونوں کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس بارے میں بات کرنے سے گریز کیا۔ تاہم ایک فرم کے ذرائع کے مطابق ویڈیوز کی آزادانہ جانچ کی درخواست کی گئی تھی کہ دونوں سام سنگ فونز کی غیر جانبدارانہ فرانزک تحقیق کی جائے۔ ایک موبائل فون پر جج ارشد ملک کی صرف آواز ریکارڈ ہے جبکہ دوسرے پر آواز اور ویڈیو بھی ریکارڈ ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ان دو موبائل فونز کے علاوہ کوئی دوسری خفیہ ڈیوائس اس مقصد کے لئے استعمال نہیں کی گئی۔ ریکارڈنگ کے وقت ناصر بٹ، جو جج کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے، ان کے موبائل نے صرف آڈیو ریکارڈ کی جبکہ دوسرے شخص کی جیکٹ کی جیب سے ویڈیو ریکارڈ ہوئی، جو جج کے سامنے بیٹھا ہوا تھا۔

ناصر بٹ نے اپنے دونوں موبائل فون اپنے وکیل کے لاکر میں رکھوا دیئے ہیں جو نہ پاکستان بھیجے جائیں گے اور نہ ہی کسی کے حوالے کئے جائیں گے۔ تجزیہ کرنے والی دونوں فرمز کے ڈیجیٹل فرانزک ماہرین نے اپنی رضامندی ظاہر کردی ہے کہ اگر گواہی کے لئے کہیں جانا پڑا تو ہم ضرور جائیں گے۔

فرانزک رپورٹس میں ایک35 جبکہ دوسری40 صفحات پر مشتمل ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جس ویڈیو کا کچھ حصہ دکھایا گیا تھا، اس کی رپورٹ خواجہ حارث کی لیگل ٹیم کو بھیجی جائے گی۔ دیگر کو خفیہ رکھا جائے گا۔

فرانزک تجزیہ کرنے والی دونوں فرمز اچھی شہرت کی حامل ہیں جو برطانیہ میں ڈیفنس اور کریمنل پراسیکیوشن کے لئے کام کرتی رہتی ہیں۔ رپورٹس میں فرانزک تجزیہ کرنے میں جو ٹولز استعمال کئے گئے ہیں، ان کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

تازہ ترین