• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمعیت علماء اسلام جموں و کشمیر کی مجلس عاملہ شوریٰ کا اجلاس

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) جمعیت علماء اسلام جموں و کشمیر کی مجلس عاملہ شوریٰ کا اجلاس زیرصدارت ضلعی امیر مولانا بشارت حسین نوید ہوا۔ مہمان خصوصی مولانا محبوب الرحمان قریشی نائب امیر جے یو آئی ضلع راولپنڈی تھے۔ اجلاس سے مفتی مسرت اقبال، مولانا افتخار خان، مولانا امتیاز حسین، مفتی عابد امین، حافظ عتیق الرحمان اور دیگر نے خطاب کیا۔ مولانا مقصود عثمانی نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے کوشش کی‘ جمعیت اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کی داعی جماعت ہے۔ ورکرز کنونشن اسلام آباد اور 19ستمبر کو آزادی مارچ مظفر آباد میں بھرپور قافلہ شرکت کرینگے۔ مولانا حافظ عتیق الرحمان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ کا بڑا پروگرام ہو گا۔ مہاجرین جموں و کشمیر اور آزاد کشمیر کے تمام احباب سے ملاقات کرینگے۔ سردار راشد نعیم کہا کہ جے یو آئی جموں و کشمیر ضلع راولپنڈی کا ایک بڑا قافلہ آزادی مارچ میں شرکت کریگا۔ قائد جمہوریت مولانا فضل الرحمان جے یو آئی جموں و کشمیر بہارہ کہو میں بھرپور استقبال کریگی۔ سیکرٹری جنرل قاری فدا احمد صدیقی نے کہا کہ قائد جمہوریت مولانا فضل الرحمان کا دورہ کشمیر تحریک آزادی کشمیر کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ کشمیر کشمیریوں کا ہے‘ کشمیریوں کو انکے حق خود ارادیت تک جدوجہد کرتے رہیں گے۔ بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر مظالم پر اقوام متحدہ اور عالمی دنیا کی خاموشی مجرمانہ ہے۔ مولانا بشارت نوید نے کہا کہ آرٹیکل 37اے کو فوری بحال کیا جائے‘ کشمیر میں آج ظلم کی انتہا ہے‘ حکومت پاکستان اپنا کردار ادا کرے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دیا جائے۔ کشمیر کی آزادی تک ہم کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مولانا نذیر فاروقی تمام اسلام آباد کے مدارس کے علماء سے ملاقات کریں گے جبکہ مولانا مقصود عثمانی، مفتی عابد امین، راولپنڈی کے علماء سے ملاقات کرینگے۔ آخر میں کشمیری شہداء کیلئے دعائے مغفرت کی گئی اور بھارتی مظالم اور ظلم و تشدد کی شدید مذمت کی گئی۔
تازہ ترین