• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر محاذ پر پسپا تبدیلی سرکار کی توجہ سیاسی انتقام پر مرکوز ہے‘عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ تنگ نظری کی سیاست کی وجہ سے قومی وحدتیں شکستہ حالی سے دوچار ہورہی ہیں۔ ہماری حقیقی سیاسی اقدار سے کسی طرح بھی مل نہ کھاتے نئے سیاسی کلچر نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے۔ مشرف دور میں ادھورے رہ گئے ہر اس عمل کی تکمیل کی جارہی ہے جو آئین کے منافی اور عوامی خواہشات کے برعکس تھے۔ آئی ایم ایف کی ایماء پر عوام کا خون چوسا اور معیشت کی بیخ کنی کی جارہی ہے اپنے خلاف کسی بھی ممکنہ تحریک کو وقت سے پہلے ہی دبا ڈالنے کے لئے عوام کو مہنگائی اور اضافی ٹیکسوں کے آسیب میں جکڑ دیا گیا ہے۔ یہ اقدامات آمروں کے ہتھیار ہوا کرتے تھے جنہیں حسب ضرورت قوم پر مسلط کیا جاتا رہا اب یہ آزمودہ ہتھیار تبدیلی سرکار کے ہاتھ تھما دیئے گئے جس کی وجہ سے عوام کا معاشی و سیاسی استحصال اپنے عروج کی انتہائی حدوں کو چھو رہا ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ ماضی میں کئے جانے والے لاحاصل تجربات کا تسلسل تبدیلی سرکار ہر محاذ پر پسپائی کا منہ دیکھنے کے بعد اپنی توجہ صرف سیاسی انتقام پر مرکوز کئے ہوئے ہے حقیقی سیاسی قیادت کو جھوٹے اور من گھرٹ مقدمات میں الجھا کر قوم کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ اگر وہ کسی بھی تحریک کا حصہ بنے تو ان کا حسر ان سے مختلف نہیں ہوگا۔ حکمران اقتدار کے اندھے جنون میں اس حقیقت کا ادراک کھو چکے ہیں کہ یہ قوم جب بھی اپنا سیاسی حق استعمال کرتے ہوئے اٹھ کھڑی ہوئی تو وقت کے فرعونوں پر زمین تنگ پڑ گئی۔
تازہ ترین