• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الف جان خٹک نے خدائی خدمتگار تحریک سے وابستہ رہ کر مثالی کام کیا، اے این پی

کوئٹہ(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں معروف شاعرہ، ادیب و دانشور الف جان خٹک کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ادبی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔صوبائی بیان میں کہا گیا کہ الف جان خٹک نے پشتون معاشرے میں خواتین کو علم و شعور کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے خدائی خدمتگار تحریک سے وابستہ رہ کر مثالی کام کیا۔ انہوں نے فخر افغان باچاخان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کے ہمراہ پشتون معاشرے سے فرسودہ روایات کے خاتمے، معاشرے کو امن کا گہوارہ بنانے اور پشتون قومی حقوق کی آگاہی پھیلانے کے لئے مثالی کام کیا۔مرحومہ الف جان خٹک نے اپنی شاعری کے ذریعے خدائی خدمتگاروں کو نیا جوش و جذبہ دیا اورخواتین خدائی خدمتگاروں میں نئی روح پھونکی ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پر نہیں ہوگا۔بیان میں الف جان خٹک کو ان کی ادبی اور قومی سیاسی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ الف جان خٹک جیسی خواتین پورے معاشرے کیلئے مشعل راہ ہیں۔ پشتون خواتین کو الف جان خٹک کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے قلم کے ذریعے شعور وآگاہی کا سفیر بننا چاہئے۔ بیان میں انکی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالٰی مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلٰی مقام اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
تازہ ترین