• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: ڈاکٹر یوسف حسین خاں

صفحات: 416،قیمت: 999 روپے

ناشر:بُک کارنر، جہلم

اُردو ادب کے سنجیدہ قارئین کے لیے ڈاکٹر یوسف حسین خاں کا نام ہرگز غیر معروف نہیں ۔ اقبالؔ پر اُن کی تصنیف ’’روحِ اقبالؔ‘‘ 1941 ء میں سامنے آئی اور اس کے مندرجات اہلِ علم و دانش کی فوری توجّہ کا مرکز بن گئے۔ اُردو، فارسی، انگریزی اور فرانسیسی ادب ڈاکٹر یوسف حسین خاں کی دِل چسپی کا خاص محور تھے۔ ادب، تاریخ، شاعری، تہذیب و تمدّن کی ارتقائی منازل سے بھی ڈاکٹر صاحب کو گہرا لگاؤ تھا۔ غالبؔ، اقبالؔ، حسرتؔ اور حافظؔ اُن کے مسلسل مطالعے کا حصّہ ہونے کے باعث اُن کی تنقیدی ژرف نگاہی کا محبوب عنوان بنے رہے اور اُنہوں نے مندرجہ بالا شعراء ہی کے سلسلے میں اپنی جولانیِ قلم کے جوہر بھی دکھائے۔ زیرِنظر کتاب ’’حافظ اور اقبال‘‘ اپنے عنوان ہی سے ظاہر ہے کہ فارسی اور اُردو کے دو عظیم شعراء کے کلام کے مختلف پہلوؤں کے احاطے پر مشتمل ہے۔ کتاب اپنے متن کے اعتبار سے اتنی اہم ہے کہ محسوس ہوتا ہے کہ اس کے پانچوں ابواب کے کم از کم عنوانات تو تحریر کر ہی دیے جائیں، تاکہ قارئین اس کی قدر و قیمت سے آگاہ ہو سکیں،سو ان کی ترتیب کچھ یوں ہے۔ ’’حافظؔ اور اقبالؔ‘‘،’’حافظؔ کا نشاطِ عشق‘‘،’’اقبالؔ کا تصوّرِ عشق‘‘،’’حافظؔ اور اقبالؔ میں مماثلت اور اختلاف‘‘،’’محاسنِ کلام‘‘۔1976 ء میں شایع ہونے والی اس کتاب کو بھی ادب سے شغف رکھنے والوں میں بے حد سراہا گیا تھا۔ ایک عرصے بعد یہ کتاب ایک بار پھر انتہائی دیدہ زیب انداز میں شایع کی گئی ہے۔

تازہ ترین