• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم کے خلاف ڈنمارک میں مظاہرہ

کوپن ہیگن (زاہد انور مرزا) ڈنمارک کے دوسرے بڑے شہر آروس میں کشمیر میں ہونے والے ظلم کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ زیراہتمام آروس کمیونٹی ڈنمارک میں منعقد ہوا، جس میں پاکستانیوں، کشمیریوں، ڈینش، عرب، صومالی کمیونٹی کی عورتوں، بچوں، بوڑھوں اور نوجوانوں نے بھرپور طریقے سے شرکت کی۔ مظاہرین نے مختلف بینرز اور کتبے اٹھائے ہوئے تھے، جس میں نہتے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کی داستانیں لکھی ہوئی تھیں، مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں کئی ہفتوں سے کرفیو کی وجہ سے ادویات، خوراک کی کمی اور انڈین حکومتی سرپرستی میں آر ایس ایس کے غنڈوں کے ہاتھوں عورتوں کی عصمت دری نوجوانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے یونائیٹڈنیشن اور عالمی دنیا سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد کشمیر میں عالمی امن فوج بھیجی جائے، این جی او اور میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں اجازت دی جائے، تاکہ وہاں کے اصل حقائق، ادویات اور خوراک پہنچاکر انسانی جانوں کو بچایا جائے، بچوں نے مقبوضہ کشمیر میں انڈین آرمی کے ہاتھوں ہونے والے ظلم پر مبنی پمفلٹ ڈینش سوسائٹی میں تقسیم کئے، تاکہ ان مظلوموں کی آواز دنیا تک پہنچ سکے، ڈینش پاکستانیوں نے کشمیر پر ہونے والے ظلم پر اپنے تاثرات دیئے۔ ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے مرزا نواز گوجر خانوی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو روکنے کے لئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کو دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مسلم امہ کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ مسلم امہ کو مسلمانوں کے قتل و غارت پر آواز اٹھانی چاہئے۔
تازہ ترین