• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجاوزات پر قابو نہ پایا جاسکا، ماضی کی روش برقرار، پیدل چلنا محال

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) نئی حکومت آنے کے باوجود شہر میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات پر قابو نہیں پایا جا سکا ۔ماضی میں مسلم لیگ کی مقامی قیادت جو کچھ کیا کرتی تھی اب وہی کام پی ٹی آئی والے کر رہے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر اداروں میں اہم پوسٹوں پر مرضی کے لوگ تعینات کروا کر مرضی کے نتائج لئے جا رہے ہیں۔فٹ پاتھ اور سڑکوں پر تجاوزات کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے، انتخابات سے قبل تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کا خاتمہ تحریک انصاف کے منشور کا حصہ تھا لیکن برسراقتدار آنے کے بعد چند ہفتے ہی اس منشور پر عمل ہوسکا اور بعدازاں کسی کو ووٹ اور کسی کو نوٹ عزیز ہونے کی وجہ سے پھر سے ہر طرف جنگل کا قانون ہے ۔ شہر کا شاید ہی کوئی علاقہ ایسا ہوگا جہاں قانون کی عملداری نظر آرہی ہو، ہر طرف بلانقشہ اور خلاف نقشہ تعمیرات اور رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں نے لوگوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے، کمرشل مارکیٹ، سرکلر روڈ، صادق آباد، راجہ بازار اور گرد ونواح کے علاقے، سٹی صدر روڈ، اقبال روڈ، باڑہ مارکیٹ، جامع مسجد روڈ اور گنج منڈی سمیت ہر طرف تجاوزات کی وجہ سے پیدل چلنا بھی ممکن نہیں رہا۔شہریوں نے وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار سے سوال کیا ہے کہ وہ اس لاقانونیت کا کب نوٹس لیں گے۔
تازہ ترین