• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین: کاتالان کرکٹ لیگ پاک آئی کیئر کلب نے جیت لی

اسپین میں کاتالان کرکٹ لیگ 2019ء پاک آئی کیئر کلب نے جیت لی۔

بارسلونا سے 60 کلو میٹر دور ”ریو درینا“ میں تین ماہ تک جاری رہنے والی کاتالان کرکٹ لیگ میں کاتالونیا کے 23 رجسٹرڈ کلبز نے حصہ لیا۔

لیگ کے دوران کل 256 میچ کھیلے گئے ان میں بادالونا شاہین کرکٹ کلب نے اپنے 19میچ جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا جبکہ فائنل کی دوسری ٹیم پاک آئی کیئر کرکٹ کلب تھی جس نے سیزن میں 20میچ جیتے تھے۔

بادالونا شاہین کرکٹ کلب اور پاک آئی کیئر کرکٹ کلب فائنل میں مد مقابل تھے۔ ریودرینا کے کرکٹ گراؤنڈ کو شاندار انداز سے سجایا گیا تھا، پاکستانی، بھارتی اور ہسپانوی کمیونٹی فائنل دیکھنے کے لئے گراؤنڈ میں موجود تھی۔

ڈھول کی تھاپ پر کھلاڑی گراؤنڈ میں اترے، انتظامی امور صغیر مشتاق اور عمران ملک نے سنبھال رکھے تھے۔

فائنل میچ کے مہمان خصوصی معروف بزنس مین چوہدری عزیز احمد امرہ تھے جبکہ سانتا کلوما کی میئر ”سوسانہ“ اور خاتون کونسلر ”پرات ای پلا“بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

دونوں ٹیموں سے مقامی ہسپانوی اتھارٹیز اور مہمان خصوصی کا تعارف کرایا گیا، اس کے بعد ٹاس جیت کر بادالونا شاہین نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بادالونا شاہین کے کھلاڑی پاک آئی کیئر کے بولر راجہ سکندر کی بولنگ کے سامنے ٹک نہ سکے۔ راجہ سکندر نے تین اوورز میں صرف چار رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس کی وجہ سے بادالونا شاہین کی ٹیم ریت کی دیوار کی طرح 101 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاک آئی کیئر نے 102رنز کا ٹارگٹ دو وکٹوں پر پورا کر لیا اور لیگ کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔

پاک آئی کیئر کے کپتان مرزا بابر نے مہمان خصوصی چوہدری عزیز امرہ اور سانتا کلوما کی میئر سوسانہ سے ٹرافی وصول کی۔

پاک آئی کیئر کے سر پرست اعلیٰ ملک عمران نے اپنی ٹیم کی جیت کو کشمیری بھائیوں کے نام کر کے ان سے اظہار یکجہتی کیا اور تمام کھلاڑیوں نے کشمیر بنے گا پاکستان، لے کے رہیں گے آزادی جیسے نعرے بھی لگائے، نعرے لگاتے وقت تمام کھلاڑیوں نے اپنے ہاتھوں میں کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔

مین آف دی میچ راجہ سکندر  رہے، حافظ عبدالرزاق صادق، چاچا رشید، راجہ نثار، ارمغان خان، شفقت رضا، اظہر عباس، طارق رفیق بھٹی، ذوالفقار احمد، حافظ سرور اور دیگر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

تازہ ترین