• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکن ٹیم پروگرام کے مطابق پاکستان آئے گی، پی سی بی، کوئی متبادل وینیو نہیں

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی ٹیم پروگرام کے تحت25 ستمبر کو کراچی پہنچ رہی ہے۔ پہلا ون ڈے 27 کو نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔ سیریز کے حوالے سے کوئی خدشات نہیں ہیں۔ ون ڈے اور ٹی 20 میچ پروگرام کے تحت ہوں گے کوئی متبادل وینیو بھی نہیں رکھا گیا ہے۔ منگل کو نمائندہ جنگ نے پی سی بی کے ترجمان سے جاننے کی کوشش کی کہ پاکستان اور سری لنکا کی سیریز کے بارے میں اب بھی کوئی ابہام ہے تو انہوں نے کہا کہ براڈ کاسٹرز کا ایکوپمنٹ کراچی میں کسٹمز کلیئرنس کے مرحلے میں ہے۔ براڈ کاسٹرز کے غیر ملکی کریو کے نمائندے کراچی پہنچ چکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی تیاری مکمل ہے۔ قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے اس یقین کا اظہار کیا تھا کہ سری لنکا کی ٹیم طے شدہ پروگرام کے تحت پاکستان آئے گی۔ دونوں کرکٹ بورڈز رابطے میں ہیں اور سری لنکن بورڈ کی طرف سے کوئی منفی بات سامنے نہیں آئی ہے اس نے صرف یہ کہا ہے کہ وہ اپنی حکومت سے فائنل کلیئرنس لے رہا ہے اور وہ ٹیم پاکستان بھیجنا چاہتا ہے۔ احسان مانی کا کہنا تھا کہ اب اتنا وقت نہیں ہے کہ ان میچوں کے مقامات کو تبدیل کیا جائے۔ یہ میچز پاکستان میں ہی ہوں گے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کو اپنے وزیر اعظم کے دفتر سے یہ تنبیہ موصول ہوئی تھیکہ سری لنکن ٹیم کو دہشت گردی کا خطرہ ہے لہٰذا سری لنکن کرکٹ بورڈ اس دورے کے لیے سکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لے۔ پروگرام کے تحت سری لنکا کی ٹیم کو 25 اپریل کراچی پہنچنا ہے۔ وہ تینوں ون ڈے انٹرنیشنل کراچی میں 27 ستمبر، 29 ستمبر اور دو اکتوبر کو کھیلے گی جبکہ تینوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز لاہور میں پانچ، سات اور نو اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔پی سی بی ترجمان نے کہا کہ سری لنکا کرکٹ نے میڈیا ریلیز جاری کیا تھابیان بھی انہی کی جانب سے جاری ہوا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لوگواور ٹکٹوں کی فروخت سمیت تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں جلد ہی میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوجائے گی۔ پہلا ون ڈے کراچی میں ہوگا۔ اگر پی سی بی کو خدشات ہوتے تو ہم کپتان اور بیس ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان نہ کرتے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بابر اعظم نائب کپتان ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی تیاری پروگرام کے مطابق ہے۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا سری لنکا بورڈ سے پی سی بی کا براہ راست کوئی رابطہ ہوا ہے تو انہوں نے کہا کہ رابطے ہوتے رہتے ہیں لیکن ترجمان نے رابطوں کی تفصیل بتانے سے انکار کردیا۔ سری لنکا کرکٹ کا کہنا ہے کہ اس دورےکے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل ہم نے وزارت دفاع سے اس بارے میں رہنمائی مانگی، سیکریٹری دفاع کو باقاعدہ خط لکھا گیا جس کے جواب کا انتظار ہے۔ وزارت دفاع سے دہشتگرد حملے کے خطرے پرپاکستان میں دوبارہ سیکیورٹی جائزے کیلیے رہنمائی اور کلیئرنس کی درخواست کردی تھی، مگر ابھی تک حکومت سے کوئی بھی جواب موصول نہیں ہواہے۔

تازہ ترین