• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اعتماد سازی مہم، کرکٹ آسٹریلیا کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان پہنچ گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ارل ایڈنگز چار اکتوبر کو دوروزہ دورہ پر لاہور آرہے ہیں۔ منگل کو کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو کیون رابرٹس اور چیف سیکیورٹی آفیسر شان کیرل ایک دن کے دورے پر اسلام آباد پہنچے۔

اعتماد سازی مہم، کرکٹ آسٹریلیا کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان پہنچ گیا


پی سی بی چیئرمین احسان مانی،چیف ایگزیکٹیو وسیم خان، ڈائریکٹر انٹر نیشنل کرکٹ ذاکر خان اور ڈائریکٹر سیکیورٹی کرنل (ر) آصف محمود نے دونوں کے ساتھ مصروف دن گزارا۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی مہمانوں کو وزارت داخلہ میں پاکستانی حکام نے سیکیورٹی معاملات پر ایک بریفنگ دی گئی جس میں انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

بعد ازاں آسٹریلوی ہائی کمیشن میں ایک اور بریفنگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ رات کو کیون رابرٹس اور چیف سیکیورٹی آفیسر شان کیرل نے مارگلہ ہلز کے ریسٹورنٹ میں رات کا کھانا کھایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کا مقصد یہ ہے کہ آسٹریلیا کو پاکستان کے دورے کے لئے قائل کیا جائے۔

آسٹریلوی کرکٹ کا دورہ اعتماد سازی مہم کا حصہ ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز 2022 میں شیڈول ہے۔ شان کیرل پاکستان سپر لیگ فائنل کے دوران کراچی آئے تھے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سیکریٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے مہمانوں کو بریف کیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

سیکریٹری داخلہ کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں حالات تیزی سے معمول پر آرہے ہیں جس سے پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں مدد ملے گی اور جلد پاکستان اپنے میچ پاکستانی گرائونڈز میں کھیلے گا۔

ادھر آسٹریلین میڈیا کا کہنا ہے کہ 10 سال سے زائد عرصے بعد اعلٰی سطح کے کرکٹ وفد کا دورئہ پاکستان بہت اہمیت کا حامل ہے۔ کیون رابرٹس کہتے ہیں کہ یہ تعلقات مضبوط کرنے کی جانب سے قدم ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کینگروز نے 2022 میں پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنی ہے۔ سی اے کے سامنے مکمل دورے کے بجائے کراچی میں ممکنہ طور پر ایک ٹی 20میچ کھیلنے پر راضی ہوسکتا ہے۔

اس میں ٹیم دبئی قیام کریگی،صرف 90منٹ کی پرواز سے کراچی آئے اور میچ کھیل کر واپس لوٹ جانے کا آپشن زیر غور آسکتا ہے۔

تازہ ترین