• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان قونصلیٹ برمنگھم میں آٹو ٹیلر مشین کی تنصیب

برمنگھم (ابرار مغل) پاکستان قونصلیٹ برمنگھم میں فیس کی ادائیگی کیلئے پاکستان کے معروف بینک UBLنے خودکار مشین نصب کردی ہے، مشین کی تنصیب کی مناسبت سے ایک تقریب پاکستان قونصلیٹ برمنگھم میں منعقد کی گئی جس میں یو بی ایل برطانیہ کے سی او برین فورتھ نے خصوصی طور پر شرکت کی جب کہ تقریب میں قونصلر جنرل احمر اسماعیل سمیت یو بی ایل برطانیہ کے ہیڈ آف سیلز ذیشان حیدر، گروپ ہیڈ آپریشن عظیم الحسن، ہیڈ آف کارپوریشن بینک رئوف قریشی، آپریشن منیجر شاہد خان، انچارج پراجیکٹ فرذار مسعود جان سمیت یو بی ایل کے جملہ افسران، بینک سے وابستہ شخصیات نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، مہمان خصوصی برین فورتھ نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر اس جدید آٹوٹیلر میشن کا افتتاح کیا، اس جدید اور تیز رفتار مشین سے پاکستان قونصلیٹ برمنگھم کے ہزاروں صارفین مختلف فیسوں کو فوری طور پر ادا کرسکیں گے جب کہ کائونٹر پر وقت کے ضیاع کے برعکس یہ خودکار مشین صارفین کا وقت بھی بچا سکے گی، اس موقع پر یو بی ایل کے سی او برین فورتھ نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے کہ یو بی ایل نے جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی سے آراستہ خودکار مشین متعارف کرادی ہے اس سے لاکھوں صارفین مستفید ہوسکے گے، انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ ہم جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھا کر انرجی اور انفرادی قوت کو بچا کر مثبت سمت میں استعمال کریں۔ احمر اسماعیل نے کہا کہ پاکستان قونصلیٹ برمنگھم میں اس سہولت سے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا اور وقت کا ضیاع بھی نہیں ہوگا، دیگر شرکاء نے بھی اس خودکار مشین کی تنصیب پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ خودکار مشین تیز رفتار ہونے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ذہنی کوفت سے بھی نجات دلائے گی، جب بھی کوئی چاہے اپنی مرضی کی فیس فوری ادا کرسکے گا۔ اس موقع پر فرزاد مسعود جان نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ متعلقہ حکام نے صارفین کو مشین کے استعمال کے بارے میں آگاہ کیا۔
تازہ ترین