• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کا ایران کیخلاف مزید پابندیوں کا اعلان، حملے میں ایران ملوث ہے، سعودی عرب، ثبوت دے دیئے

 کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی تیل تنصیبات پر حملوں کی پاداش میں ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی ہدایت کردی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ابھی ابھی محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کرے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے تیل کی تنصیبات پر حملوں میں ایران کے ملوث ہونے کے شواہد پیش کردیے۔

تیل کی تنصیبات پر حملوں کے بعد سعودی عرب نے کہا ہے کہ انہوں نے تیل کی نصف پیداوار بحال کردی ہے جس کے بعد عالمی سطح میں تیل کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے جبکہ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ مزید پیداوار بھی جلد بحال کردی جائے گی ۔

سعودی عرب کے اس اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں6فیصد تک گر گئیں ، برینٹ کروڈ خام تیل کی قیمت 27سینٹس کمی کے بعد فی بیرل 64.28ڈالر کا ہوگیا جبکہ اس سے پہلے کے سیشن میں بھی قیمتیں گری تھیں۔

امریکی خام تیل کی قیمت 42سینٹ کمی کے بعد فی بیرل 58.92ڈالر ہوگئی۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں وہ سعودی حکام سے ملاقاتوں میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ حملوں میں 18 ڈرونز اور 7 کروز میزائل جس سمت سے استعمال کیے گئے اس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ حملے یمن سے نہیں ہوئے، حملوں میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کے ملنے کے جانچ سے یہ بات واضح ہوئی کہ یہ حملے شمال کی جانب سے کیے گئے اور بلاشبہ اسے ایران نے ʼاسپانسر کیا۔

کرنل ترکی المالکی نے پریس کانفرنس کے دوران ایرانی ساختہ ڈرون طیارے کے پر سمیت دیگر ہتھیاروں کے ملبے دکھائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈرون کے کمپیوٹر سے حاصل ہونے والا ڈیٹا یہ ظاہر کرتا ہے کہ ڈرون ایرانی تھا۔

انہوں نے کہا کہ عبقیق تیل تنصیب پر 18 ڈرون حملے کیے گئے جبکہ عبقیق اور خریص آئل تنصیبات پر مجموعی طور پر 7 کروز میزائلز داغے گئے جن میں سے 4 میزائلز خریص آئل فیلڈ پر گرے جبکہ تین عبقیق کے قریب گرے۔

امریکی نائب صدر مائیک پنس نے واشنگٹن میں کہا کہ سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر ہوئے حملوں کے بعد پومپیو اپنے دورہ سعودی عرب میں ʼمشترکہ ردعمل‘ تیار کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔

تازہ ترین