• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئی این آر او مانگ رہا ہے تو وزیراعظم حقائق سامنے لائیں، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل کے پہلے سوال اپوزیشن بلیک میل کرنے کی کوشش کررہی ہے، سابق صدر، سابق وزیراعظم اور اب سابق قائد حزب اختلاف بھی گرفتار، کیا وزیراعظم کا اپوزیشن پر بلیک میل کرنے کا الزام درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے مظہر عباس نے کہا کہ میڈیا ٹریبونل کے حوالے سے کابینہ کے فیصلے کی مذمت کرتا ہوں، وزیراعظم کی میڈیا ٹیم کو اچھی طرح جانتا ہوں، ان میں ایک صاحب ساری زندگی آمروں کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، حکومت نیشنل میڈیا اکاؤنٹیبلٹی بیورو کی طرح کا ادارہ بنانے جارہی ہے جس کے تحت صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کے کیسز چلائے جائیں گے، حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ معاملات بہتر کرنے کیلئے توہین کے قوانین کو موثر بنائیں۔ مظہر عباس کا کہنا تھا کہ اپوزیشن وزیراعظم کو بلیک میل نہیں کرسکتی ہے، اگر کوئی این آر او مانگ رہا ہے تو وزیراعظم حقائق سامنے لائیں، وزیراعظم بتائیں کون کہاں بلیک میلنگ کررہا ہے یا کہاں این آر او مانگ رہا ہے، وزیراعظم صرف بیانات دے کر ماحول خراب کررہے ہیں۔حسن نثار نے کہا کہ اس ملک میں بلیک میلروں نے کئی طرح کی بلیک میلنگ ایجاد کی ہوئی ہے، آمدنی سے زائد اثاثوں کی بھی کوئی حد ہوتی ہے لیکن ن لیگ اور پیپلز پارٹی والے تو سارے ساؤنڈ بیریئرز توڑ چکے ہیں۔

تازہ ترین