• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بورس جانسن کی ڈاؤننگ سٹریٹ میں فوجی سربراہوں سے ملاقات

لندن (جنگ نیوز) وزیراعظم بورس جانسن نے اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ مسلح افواج برطانیہ کو درپیش تمام خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، ڈائوننگ سٹریٹ میں فوج کے سربراہوں سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے چیف آف ڈیفنس سٹاف سر نک کارٹر کے علاوہ آرمی، رائل نیوی اور رائل ایئرفورس کے علاوہ دیگر سے ملاقات کی اور ان سے فورسز کے بارے میں منصوبوں سے متعلق بات چیت کی۔ وزیراعظم بورس جانسن نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ نیٹو کے رہنماؤں کی اگلی سربراہ کانفرنس دسمبر میں ویٹ فورڈ کے گروو ہوٹل میں ہوگی۔ برطانیہ کے فوجی سربراہوں اور وزیردفاع بین ویلس کی ملاقات چانسلر ساجد جاوید کی جانب سے وزارت دفاع کو مزید2.2 بلین پونڈ دینے کے اعلان کے بعد ہوئی تھی۔ ارکان پارلیمنٹ حکومت پر دفاعی اخراجات میں اضافے پر بار بار زور دیتے رہے ہیں جبکہ فوجیوں کی نفری اور ان کے پاس موجود سازوسامان کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ وہ آرمی چیفس سے ان کی ترجیحات پر بات کرنا چاہتے تھے، تاکہ اضافی رقم کے زیادہ بہتر نتائج برآمد ہوسکیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کی حیثیت سے میرے لئے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنا اور اس ملک کو محفوظ ملک بنانے کو یقینی بنانے سے زیادہ اہم کام کوئی نہیں ہے۔ اس سے قبل ایک بیان میں انھوں نے برطانیہ کی مسلح افواج کو دنیا کی بہترین فوج کی حیثیت سے برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

تازہ ترین