• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل ہونے تک بھارت کی رکنیت معطل کرے، وٹفورڈکمیونٹی رہنما

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) اقوام متحدہ بھارت کے خلاف شدید اقتصادی و سفارتی پابندیاں عائد کرے۔ مسئلہ کشمیر حل ہونے تک بھارت کی اقوام متحدہ سے رکنیت معطل کرے۔ بھارت کو عالمی دہشت قرار دیا جائے۔ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی، کرفیو کا نفاذ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں پاکستان کو بلاجوا دھمکیاں عالمی امن کے لئے انتہائی خطرہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار وٹفورڈ کمیونٹی رہنمائوں کے چیئرمین امجد امین بوبی نے دوران اجلاس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کشمیر میں مسلسل کرفیو کے باعث حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ اقوام متحدہ اور یو این سیکورٹی کونسل کے مستقل ممبر ملک کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے خلاف شدید تجارتی و سفارتی پابندیاں عائد کریں ورنہ یہ ادارہ لیگ آف نیشن بن جائے گا۔ بھارت کی دہشت گردی اور کشمیر میں مسلسل کرفیو کے باعث کشمیر کو جیل خانہ بنادیا ہے۔ عالمی برادری اپنے مفادات کی خاطر بھارت نوازی سے کام لے رہی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندری مودی کشمیر میں فاشسٹ کا کردار ادا کررہا ہے۔ بھارت کے حکمرانوں کو کشمیر میں انسان نہیں زمین چاہئے۔ کمیونٹی رہنما چوہدری محمد افسر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر ضرور حل ہوگا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت پر کشمیری قوم کو مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا، پاکستان شملہ معاہدہ فوری طور پر منسوخ کرے۔ پاکستان کی سیاسی جماعتیں اس نازک موقع پر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک میں اقتدار کی خاطر انارکی نہ پھیلائیں۔ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔ چوہدری افسر نے کہا کہ آج کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہونے کے بعد ریاست کے اندر جنگل کا قانون ہے۔ بھارت کے اس اقدام سے شملہ معاہدہ اور قوام متحدہ کی قراردادیں ختم ہوچکی ہیں۔ وقت کا تقاضہ ہے اقوام متحدہ کشمیر پر پاس کردہ قراردادوں پر نظرثانی کرے اور کشمیری عوام کے مستقبل کی ضمانت دے تاکہ وہ عالمی برادری میں باوقار زندگی گزار سکیں۔ کشمیری رہنما شفقت اقبال تبسم نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی امن کا داعی ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کو کئی بار مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے باہمی تعلقات کو بہتر کرنے دعوت دی مگر بھارت اسرائیلی جارحیت کی پالیسی پر گامزن ہے اور چند بڑی طاقتیں بھارت کی پشت پناہی کرنے کے لئے کام کررہی ہیں۔ شفقت اقبال تبسم نے کہا کہ وزیر خارجہ جے شنکر دہلی کے ایوانوں پر جاکر کنکر ماریں، جہاں مودی، راج ناتھ، امیت شاہ و دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف پابندیاں عائد کرے، ان انتہا پسند تنظیموں کو کالعدم قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا، بھارت خطے میں امن و امان نہیں چاہتا، اب کشمیر میں قبضہ کرنے کے بعد اب آزاد کشمیر پر قبضہ کرنے کے لئے دھمکی دی ہے۔ ہم وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں امن فوج تعینات کرنے کے لئے سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ سے درخواست کریں اور چالیس ہزار سے زائد کشمیریوں کی رہائی اور مقبوضہ کشمیر کے لئے خوراک، ادویات و دیگر ضروریات زندگی مہیا کرنے کے لئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور ریڈ کراس، ایمنسٹی انٹر نیشنل، میڈیا کو وہاں جانے کے لئے اقوام متحدہ میں مطالبہ پیش کریں۔

تازہ ترین