• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری تنازع کشمیر کوUNقراردادوں کے مطابق حل کروائے، یونس منہاس

کوونٹری (نمائندہ جنگ) مسلم ریسورس سینٹر کے سابق چیئرمین چوہدری یونس منہاس نے برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف مظاہرے میں جس انداز محبت اور ایثار کا مظاہرہ کیا گیا وہ دیدنی تھا ہر شخص نے دل کھول کر حصہ لیا اور دنیا میں بھارت کو بے نقاب کردیا اب ایک مرتبہ پھر اسی انداز میں مظاہرہ کریں گے، انھوں نے کہا ہے کہ بھارت ایک ظالم ملک ہے جس کا وزیراعظم ہٹلر کے نقش قدم پر چل کر انسانیت کا قتل کررہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی انتہا ہو چکی ہے، کشمیری ایک ماہ سے زائد عرصہ سے بھارتی جبر میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں امریکہ کی انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے انکشاف کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں5اگست کے بعد سے4ہزار سے زیادہ کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا، بنیادی آزادی چھین کر اور گرفتاریوں سے انسانی حقوق کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، وادی میں کرفیو کے باعث3ہزار9سو کروڑ کا نقصان ہوچکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ دوائیں روزانہ سیکڑوں مریض لقمہ اجل بن رہے ہیں، مواصلاتی نظام مکمل طور پر معطل اور ذرائع ابلاغ پر سخت پابندیاں عائد ہیں، دو ماہ قبل بھی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن رپورٹ نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا تھا، رپورٹ ميں کہا گيا تھا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا میں قابض فوج کی سب سے بڑی چھاؤنی ہے۔اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق طاقت کا بے دریغ استعمال، نہتے شہریوں پر پیلٹ گنز کے مہلک حملے، نام نہاد محاصروں اور سرچ آپریشنز کے ذریعے ماورائےعدالت قتل، مظاہرین اور مخالفین پر قید و بند کےمظالم کے ساتھ قابض فوج کے جبر و تشدد کو کالے قوانین کا مکمل تحفظ حاصل ہے۔ یونس منہاس نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرنے کے بجائے دو ایٹمی قوتوں کے درمیان تنازع کشمیر کو کشمیریوں کی منشا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کرائے۔
تازہ ترین