• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان آج ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سری لنکا کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان ہفتے کو کیا جائے گا۔ سیریز کیلئے ممکنہ 20 کھلاڑیوں کا اعلان پہلے ہی کردیا گیا تھا، جن کا تر بیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے۔ ان میں سرفراز احمد (کپتان)، بابراعظم، عابد علی، امام الحق، فخر زمان، احمد شہزاد، آصف علی، حارث سہیل، عمر اکمل، محمد رضوان، افتخار احمد ، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز، وہاب ریاض، محمد عامر، حسن علی، محمد حسنین اور عثمان شنواری شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق انگلینڈ کیخلاف سیریز کے بعد ورلڈکپ سے باہر ہونے والے عابد علی کی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی کا امکان ہے، ایک عرصہ سے نظر انداز افتخار احمد کو ایک بار پھر موقع دیا جاسکتا ہے، آسٹریلیا کیخلاف متحدہ عرب امارات میں سیریز کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد رضوان بھی واپسی کیلئے مضبوط امیدوار ہیں، ان کو بطور اسپیشلسٹ بیٹسمین شامل کیا جاسکتا ہے۔ افتخار احمد اور محمد رضوان کو سینئرز محمد حفیظ اور شعیب ملک کا خلا پرکرنے کیلئے شامل کیا جائے گا، پاور ہٹر بیٹسمین کے طور پر ایک بار عمر اکمل کی واپسی ہوسکتی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے لئےاحمد شہزاد کا نام بھی زیر غور ہے۔ ماضی میں وقار یونس نے بطور ہیڈ کوچ عمر اکمل اور احمد شہزاد کے خلاف رپورٹ دی تھی اب وقار یونس ایک بار پھر بطور بولنگ کوچ قومی ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔
تازہ ترین