• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گارجین بورڈ نے فریئر ہال کی اصل حالت میں بحالی کی منظوری دیدی

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) فریئر ہال گارجین بورڈ نے فریئر ہال کی اصل حالت میں بحالی کی منظوری دے دی ہے جس میں ابتدائی دور کے فوارے، تاریخی مونومنٹ اور تاریخی عمارت کی مرمت وغیرہ شامل ہے،بورڈ کا اجلاس میئر کراچی وسیم اختر کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن سمیت بورڈ کے دیگر ممبران نے شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فریئر ہال گارڈن اور عمارت کراچی کی تاریخ کا سنہری باب ہے، اس کی تعمیر کے وقت مختلف مونومنٹ اور فوارے تعمیر کئے گئے تھے جو مختلف اوقات میں یہاں سے غائب ہوگئے،ضرورت اس امر کی ہے کہ ان ساری چیزوں کی بحالی کے ساتھ پارک کو اصل حالت میں بحال کیا جائے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فریئر ہال کی عمارت اور صادقین آرٹ گیلری کی مرمت پر بھی فوری کام شروع کیا جائے تاکہ جس جگہ بھی عمارت کو نقصان پہنچا اسے بحال کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں اس کے ساتھ لائبریری کو بہتر کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو لائبریری کی سہولت حاصل ہو کیونکہ یہ بنیادی ضروریات میں سے ایک ہے۔ میئر نے اس موقع پر کہا کہ کراچی کی تاریخی عمارتوں کی بحالی کے لئے آرکیٹیکچر اور اس میں دلچسپی رکھنے والے خواتین اور حضرات تعاون کریں،انہوں نے کہا کہ فریئر ہال کی بحالی کے کاموں میں تیزی لائی جائے، شہری چاہتے ہیں کہ یہ پارک جلد بحال ہو۔
تازہ ترین