• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی مہلک بیماریوں کا گڑھ،فہرست میں صف اول پرہے،ڈاکٹر عمران شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ نے صوبے میں پھیلتی بیماریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں رواں برس کانگو سے 18، نگلیریا سے 13،ڈینگی سے 8 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ صوبے میں ملیریا کے کیسز کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، وہیں دوسری جانب مون سون کی بارشوں کے بعد سے ڈِینگی کیسز میں کراچی میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے،محکمہ صحت سندھ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس صرف کراچی میں ڈینگی کے 2138 جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں 94 کیس درج کیے گئے ہیں، ڈاکٹر عمران شاہ نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ خصوصاً کراچی اب مہلک بیماریوں کا گڑھ بن گیا ، فہرست میں صف اول پرہے،صوبے میں تیزی سے پھیلتی بیماریاں حکومت سندھ اور محکمہ صحت کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہیں،حکومت سندھ ہوش کے ناخن لیں اورحکومت صوبے بھر خصوصاً کراچی میں صحت کی ایمرجنسی کا نفاذ کرے اور شہریوں میں بیماریوں سے بچاو کے لیے آگاہی مہم شروع کرے، ڈاکٹر عمران شاہ نے تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت ان بیماریوں سے نمٹنے کے لیے ہنگامی پروگرام ترتیب دیے۔شہر میں ڈینگی اورملیریا سے بچاو کے لیے مچھر ماراسپرے مہم شروع کی جائے۔ نگلیریا تاحال لاعلاج مرض ہے،حکومت سندھ واٹر بورڈ کو پابند کرے کے پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار شامل ہو،جبکہ کانگو سے بچاو کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک سندھ کو پابند کرے کہ جانوروں میں چیچڑ مار اسپرے اور مکمل چیک اپ کے بعد انہیں فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرے۔
تازہ ترین