• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم اب بھی تبدیلی کے ارادوں تک محدود ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) علیگڑ ھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام ایک بین الجامعاتی مقابلہ کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن ، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن ، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس تیز رفتار دنیا نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا ہے ۔ صرف وہ نہیں بدلے جو بدلنا ہی نہیں چاہتے ۔ آج کے معاشرے میں فیصلے دل سے نہیں دماغ سے کئے جاتے ہیں ۔ ہم ابھی تک تبدیلی کے وعدوں اور ارادوں تک محدود ہیں جبکہ ایک بہت بڑی تبدیلی ہمیں اپنی زد میں لینے کے لیے تیار ہے ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر ڈیجیٹل پاکستان کے لیے کام کریں۔ قبل ازیں سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی صاحب نے طلباء اور نوجوانوں کو جدیدٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کا بیڑہ اٹھایا ہوا ہے اور وہ رات دن اس بات کے لیے کوشاں ہیں کہ پاکستان کے نوجوانوں کو جدیدیت، ڈیجیٹلایزیشن اور ٹیکنالوجی کے عالمی ماحول سے کس طرح ہم آہنگ کیا جاسکتا ہے ۔ اللہ انھیں ان کے نیک ارادوں میں کامیاب کرے ۔انھوں نے کہا کہ فکرو جستجو سے تحقیق کے نئے نئے زاویئے سامنے آتے ہیں ، انسان کو ساری زندگی دریافت کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے ۔ جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی تحقیق آج کی دنیا کی ایک اہم ضرورت بن چکی ہیں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی افادیت سے انحراف ممکن نہیں ۔ عصرِ حاضر ٹیکنالوجی کا دور ہے ۔ معاشی مسائل کے حل کے لیے نوجوانوں کے پاس دو راستے ہیں ۔ وہ اپنی معاشی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے روزگار ڈھونڈیں چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ یہ ایک بین الجامعاتی مقابلہ ہے جس میں کراچی کی تقریباََ تمام جامعات نے حصہ لیا ۔ ایسی سرگرمیاں طلباء کی ذہنی استعداد کو بڑھاتی ہیں اور ان میں تیکنیکی مہارت پیدا کرتی ہیں جس کی وجہ سے وہ ایسے پروجیکٹس تیار کرنے کے قابل ہوتے ہیں جو کئی مسائل کے حل میں مدد دیتے ہیں ۔

تازہ ترین