• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاریخ کی سخت ترین پابندیاں لگائی ہیں، ایران کو مہلت دی ہوئی ہے، کھڑے کھڑے 15 مقامات نشانہ بناسکتا ہوں، صدر ٹرمپ

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز کہا ہے کہ انہوں نے ایران کے قومی بینک پر پابندیاں لگا دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کسی بھی ملک پر نافذ کی جانے والی سخت ترین پابندیاں ہیں۔

صدر ٹرمپ نے یہ اعلان اپنے اوول آفس میں آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ مورسن کے ساتھ ملاقات کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ چاہیں تو کھڑے کھڑے 15مقامات کو نشانہ بناسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب سے آسان کام ہے کہ میں ایران میں 15بڑے مراکز کو نشانہ بنادوں ۔

صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ میں آپ کے سامنے ایسا کرسکتا ہوں ۔ لیکن اس سے سب ختم ہوجائے گا ، پھر آپ کے پاس رپورٹ کرنے کیلئے ایک بڑی اسٹوری آجائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط آدمی کی پہچان یہی ہے اور جو بات آپ کو مضبوط ثابت کرتی ہے وہ یہی ہے کہ آپ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، دوسرا راستہ اختیار کرنا نہایت آسان ہے،یہ بات ایران کو معلوم ہے کہ اگر انہوں نے کچھ غلط کیا تو پھر اس کا وقت پورا ہوچکا ہے۔

امریکا پہلے ہی ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اس کے مرکزی بینک پر پابندیاں عائد کرچکا ہے۔

تاہم امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ وہ دہشتگردی کے باعث ایران پر مزید پابندیاں عائد کررہے ہیں۔

محکمہ خزانہ کے مطابق ایران کے مرکزی بینک نے امریکا کی جانب سے بلیک لسٹ قرار دی گئی دو فورسز کو اربوں ڈالرز فراہم کئے۔

امریکی سیکرٹری خزانہ اسٹیون منچن نے اپنے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ محکمہ خزانہ نے ایرانی حکومت کے اہم فنڈنگ مکنیزم کو نشانہ بنایا ہے جسے القدس فورس اور حزب اللہ جیسے دیگر عسکری گروہوں کی مدد لے لئے استعمال کیا جاتا ہے جو خط کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دہشتگردی پھیلا رہے ہیں۔

دو روز قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنی وزارت خزانہ کو ایران پر پابندیاں بڑھانے کی ہدایت کر دی ہے۔

تازہ ترین