• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد اور ایڈنبرا کو جڑواں شہر بنانے کیلئے تعاون کروں گا، چوہدری محمدسرور

گلاسگو (نمائندہ جنگ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وہ ایڈنبرا اور اسلام آباد کو جڑواں شہر بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے، گورنر ہائوس لاہور میں سکاٹ لینڈ کی صحافتی، علمی، ادبی و سماجی شخصیت انیلہ انصاری کی تجویز پر انہیں انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف وہ اس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں بلکہ اسے عملی جامہ پہنانے کے لئے وہ دونوں مقامات پر اپنا اثر و رسوخ بھی استعمال کریں گے۔ انیلہ انصاری کا کہنا تھا کہ جس طرح لاہور اور گلاسگو جڑواں سٹی ہیں وہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور سکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرا کو جڑواں شہر بنانے کے لئے مہم چلا رہی ہیں، گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اس سلسلہ میں وہ نہ صرف اسلام آباد شہر کے حکام بلکہ ایڈنبرا میں بھی مدد کرنے کو تیار ہیں، جہاں پر ایک بڑی تعداد میں پاکستانی آباد ہیں ان شہروں کے جڑواں سٹی بننے سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ انیلہ انصاری نے کہا کہ سکاٹ لینڈ میں اس وقت پانچ سو جب کہ برطانیہ بھر میں ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، کیا یہ ممکن نہیں کہ ان کے درمیان تعلقات بڑھائے جائیں اور برٹش یونیورسٹیاں پاکستان میں اپنے کیمپس بنائیں۔ گورنر چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ وہ اس وقت پنجاب کی 60 یونیورسٹیوں کے چانسلر ہیں اوور پہلے ہی اس سلسلہ میں کام کر رہے ہیں، تعلیمی شعبے میں اس تعاون سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔ پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان سماجی و ثقافتی تعلقات اور ٹور ازم بڑھانے پر بات کرتے ہوئے چوہدری سرور نے بتایا کہ وہ اس وقت مذہبی ٹورازم ہیریٹیج کے بھی سربراہ ہیں اور اس سلسلہ میں پاکستان میں مذہبی مثلاً سکھ، ہندو، بدھ اور صوفی اسلامی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہےہیں جس کے بڑے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں اور اس سے پاکستان کو سالانہ کئی بلین ڈالر کا فائدہ پہنچے گا۔ پاکستان دنیا کے خوبصورت ترین ممالک میں سے ایک ہے۔ شمالی علاقوں میں ہم انفرااسٹرکچر کو بہتر کررہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں جہاں لاکھوں، کروڑوں کی تعداد میں سیاح آئیں گے اور اس سلسلہ میں ہم سکاٹ لینڈ اور برطانیہ کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔

تازہ ترین