• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی ٹور آپریٹر کمپنی نے ریسکیو فنڈ کیلئے کوششیں تیز کردیں، 101 بلین پونڈ کی فوری ضرورت

لندن (پی اے) دنیا کی بہت بڑی ٹریول کمپنیوں میں سے ایک برطانوی ٹور آپریٹر تھامس کک نے ریسکیو فنڈز کے حصول کے لئے کوششیں تیز کردی ہیں۔ کمپنی کو فوری طور پر اگر اضافی200ملین پونڈ کا قرض نہ ملا تو یہ منہدم ہوجائے گی۔ بینک بشمول آر بی ایس اور لائیڈز نے وثوق کے ساتھ کہا ہے کہ ٹریول کمپنی تھامس کک کو سردیوں کے موسم میں اگر اضافی رقوم کی ضرورت پڑی تو کمپنی کو اتفاقی ضروریات پوری کرنے کے لئے فنڈز حاصل کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ اگر کمپنی گر گئی تو یوکے سے چھٹیاں منانے کے لئے جانے والے ایک لاکھ50ہزار افراد مصیبت میں گھر جائیں گے اور انہیں وطن واپس لانے کے لئے بڑی جدوجہد کرنی پڑے گی۔ تھامس کک کے حالیہ کسٹمرز کی تعداد6لاکھ ہے جن میں سے ایک لاکھ60ہزار یوکے سے ہیں۔ مشکل میں پھنسی کمپنی چین کی فوسن سے ریسکیو کی ڈیل کے لئے پرامید ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چھٹیوں پر گئے افراد کی وطن واپسی کے ایمرجنسی منصوبے ’’آپریشن میٹر ہورن‘‘ کے لئے تیاری کرلی ہے۔ اس پر تقریباً600ملین پونڈ کا خرچ آئے گا۔ عام طور پر ہالی ڈے پیکیج ائر ٹریول اور آرگنائزر لائسنس اسکیم کے تحفظ میں ہوتا ہے، اس لئے مسافروں کو واپس لانا اے ٹی او ایل کی ذمہ داری بھی ہوتی ہے۔ تھامس کک کے پریشان کسٹمرز فلائٹس اور پیکیجز کے بارے میں کمپنی سے رابطہ کررہے ہیں اور کمپنی سوشل میڈیا پر اپنے کسٹمرز کو تسلی دے رہی ہے۔ ٹور آپریٹر تھامس کک کے کل22ہزار ملازمین ہیں جن میں سے9ہزار یوکے میں ہیں، یہ16ممالک میں سالانہ19ملین افراد کو سہولتیں فراہم کرتی ہے۔ کمپنی کی مالی حالت گزشتہ سال میں ہی خراب ہوگئی تھی اور اس نے اگست میں اپنی سب سے بڑی شیئر ہولڈر کمپنی فوسن کے ساتھ ری فنانسنگ کا معاہدہ کیا۔ تھامس کک نے جو بزنس پلان بنایا ہے اس کے مطابق فوسن اور دیگر کریڈیٹرز اور انویسٹرز سے900ملین پونڈ درکار ہوں گے۔ قرض دینے والوں نے تحقیق کی تو پتہ چلا کہ900ملین کے علاوہ کمپنی کو200ملین پونڈ اضافی درکار ہیں۔ کمپنی نے دعویٰ کیا کہ اس کو اضافی200ملین دینے والا انویسٹر مل گیا ہے مگر بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ وہ انویسٹر اب پیچھے ہٹ گیا ہے اور900ملین دینے والے تب تک راضی نہیں ہوں گے جب تک ان اضافی200ملین کے لئے کوئی تیار نہیں ہوجاتا۔ کولمبیا تھریڈ ہینڈل انوسٹمنٹس کے سربراہ نے بی بی سی کو بتایا کہ تھامس کک کے کریڈیٹرز بہت زیادہ محتاط ہورہے ہیں، کیونکہ کمپنی نازک حالات سے گزر رہی ہے۔

تازہ ترین