• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچرا پھینکنے والوں کو گرفتار کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ


کچرا پھینکنے والوں کو گرفتار کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ


وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ کچرا پھینکنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ چاہے جتنی بھی رقم خرچ ہو، ایک ماہ میں کراچی سے کچرا صاف کر دیں گے۔

سید مراد علی شاہ نےکچرا اٹھانے کے لیے کلین کراچی مہم کے آغاز پر مئیر کراچی وسیم اختر اور صوبائی وزراء سعید غنی، ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب کے ساتھ شہر کےمختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ شہر میں کچرا پھینکنے والوں پر جرمانے لگائے جائیں، پلوں کے نیچے قائم چائے کے ہوٹلوں کو ختم کر کے، کچرا پھینکنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والی صفائی مہم پر جتنا بھی خرچ آئے، کراچی کو صاف کریں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ پہلے کلفٹن کے مختلف علاقوں، پنجاب کالونی اور پھر قیوم آباد کے علاقے میں جا پہنچے ، وہاں پہلے سے موجود وفاقی وزیر علی زیدی کو ساتھ لیا اور کچرا اٹھانے کے کام کا معائنہ کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کورنگی ، شاہ فیصل کالونی، گلشن اقبال ، سہراب گوٹھ اور ضلع وسطی میں مختلف علاقوں اور عارضی طور پر بنائے گئے گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز کا معائنہ کیا۔

یاد رہے کہ ایک ماہ کا ٹارگٹ لیے سندھ حکومت شہر کا پرانا کچرا بھی صاف کرے گی، اس صفائی مہم میں بلدیاتی اداروں کو بھی ساتھ شامل کیا گیا ہے۔

صفائی مہم کے لیے شہر کے چھ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو پانچ ،پانچ کروڑ روپے بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق کراچی کے تمام اضلاع میں پہلے روز ہزاروں ٹن کچرا اٹھایا گیا،جسے عارضی طور پر بنائے گئے 56 گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز منتقل کیا گیا جہاں سے یہ کچرا لینڈ فل سائٹ پر منتقل کیا جائے گا۔

تازہ ترین