• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنازعات والے خطوں کے 24 ملین بچوں کو نفسیاتی مدد کی ضرورت

برسلز (اے پی پی) بچوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم سیو دی چلڈرن نے کہا ہے کہ تنازعات کے شکار علاقوں سے تعلق رکھنے والے 24 ملین سے زیادہ بچوں کو نفسیاتی مدد کی ضرورت ہے۔ دنیا بھر میں بچوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیمیں حکومتوں پر زور دے رہی ہیں کہ وہ بچوں کے بچپن کو محفوظ بنانے کے لیے زیادہ اقدامات کریں، ایسے بچوں کی تعداد 420 ملین سے تجاوز کر چکی ہے جو تنازعات کے شکار خطوں میں رہتے ہیں۔142 ملین بچے ایسے شدید تنازعات کے شکار علاقوں میں رہتے ہیں جہاں سالانہ کم از کم ایک ہزار انہی تنازعات کے سبب مارے جاتے ہیں۔ گزشتہ دو برس کے دوران ترقیاتی امداد کا محض 0.14 فیصد بچوں کو نفسیاتی مدد فراہم کرنے کے لیے خرچ کیا گیا ہے۔ تنازعات کے شکار خطوں یا وہاں سے ہجرت کر جانے والے افراد کا 17 فیصد ایسا ہے جنہیں نفسیاتی مدد کی ضرورت ہے۔ سیو دی چلڈرن کی رپورٹ میں یمن اور جنوبی سوڈان کے علاوہ میانمار کی روہنگیا مسلمانوں کے بچوں کی صورت حال کو خاص طور پر واضح کیا گیا ہے۔ سیو دی چلڈرن نے بچوں کی بہبود کے حوالے سے کئی ایک تجاویز بھی شامل کی ہیں جن میں تنازعہ کی صورت حال میں طے شدہ معیارات پر عملدرآمد اور خلاف ورزی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا بھی شامل ہے۔
تازہ ترین