• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب یونیورسٹی: لیکچرار پر طلباء کو لوٹنے کا الزام

پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلباء نے ایک لیکچرار پر انہیں لوٹنے کا الزام عائد کیاہے ، لیکچرار نے طلباء کو مبینہ طور پر 30 سے 45 ڈالر جمع کروا کر تھیسز ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی، طلباء کی شکایت پر پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے انکوائری کمیٹی بنا دی ہے۔

گرافک ڈیزائن کے فائنل ائیر کے طلباء نے الزام لگایا ہے کہ ان کے اسسٹنٹ پروفیسر احسن بلال نے مقالہ جمع کرانے کے حوالے سے انہیں ہدایت کی کہ چونکہ یورنیوسٹی کے پورٹل پر بہت رش ہے اس لیے انہوں نے ایک انٹرنیشنل ویب سائٹ تلاش کی ہے۔ جہاں 30 سے 40 ڈالر ادا کر کے آپ اسکے ممبر بن جائیں گے اور اپنے تھیسسز وہیں اپ لوڈ کریں گے اور میں وہیں سے چیک کر کے آپ کو نمبر دوں گا اور اگر اپ مقالے اپ لوڈ نہیں کریں گے تو نمبر نہیں ملیں گے۔

کل 77 طلباء میں سے 20 سے 25 طلبا نے لیکچرار کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اپنے تھیسسز اپ لوڈ کیے۔ طلباء کو پیسے مقامی کمپنی کے ذریعے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔

لیکچرار نے طلباء کو یہ لالچ بھی دیا کہ تھیسسز اپ لوڈ کرنے سے انہیں مستقبل میں مزید تعلیم اور نوکری کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔ طلباء نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ چار ماہ قبل اسی لیکچرار نے ایک انٹرنیشنل مقابلے کا حصہ بننے کے نام پر ڈھائی سو سے زائد طلباء سے 1400 روپے فی طالب علم وصول کیے۔

طلباء کا کہنا ہے کہ جب ویب سائٹ کے بارے میں معلومات اکٹھی کی گئیں تو معلوم ہوا کہ پروفیسر احسن بلال نے مارچ 2019 ء میں خود اپنے نام سے ویب سائٹ رجسٹر کروائی۔

دوسری طرف ترجمان پنجاب یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ طلباء کی طرف سے مذکورہ لیکچرار کیخلاف درخواست موصول ہوئی ہے، وائس چانسلر نے درخواست پر پرنسپل کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کو تحقیقات کر کے ایک ہفتے کے اندر رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ 

تازہ ترین